نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرزسے تعاون کیا جائے گا، آرمی چیف

شیعیت نیوز: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہتھیار استعمال کرنے کاحق صرف ریاست کو ہے، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرزسے تعاون کیا جائے گا، دہشتگردی کیخلاف جنگ کے بعد پاکستان امن واستحکام کی طرف گامزن ہے،سماجی اور اقتصادی ترقی کے ثمرات سامنے آرہے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق منگل کو چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 220ویں کورکمانڈرزکانفرنس ہوئی، جس میں سکیورٹی صورتحال اورملک کودرپیش اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا جائزہ لیا گیا۔ جیواسٹریٹجک ماحول اورملک کی مشرقی سرحدوں پر موجودہ صورتحال پر غور کیا گیا۔ملک میں دیرپا امن اور استحکام کیلئے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ شرکاء نے اتفاق کیا کہ کسی بھی جارحیت یا مس ایڈونچر کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔خطے میں قیام امن کی کوششوں کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ آرمی چیف نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے حکومت اورتمام اسٹیک ہولڈرزسے تعاون کیا جائے گا۔