یوم پاکستان پر استحکام پاکستان ریلی نکالنے کے جرم میں بزرگ شیعہ رہنماعاشق بخاری کے خلاف مقدمہ درج

شیعیت نیوز: یوم پاکستان پر استحکام پاکستان ریلی نکالنا جرم بن گیا، آئی ایس او فیصل آباد ڈویژن کے سابق صدر اور مجلس وحدت مسلمین ضلع چنیوٹ کے سابق ضلعی سیکریٹری جنرل عاشق حسین بخاری کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، تفصیلات کے مطابق 23مارچ یوم پاکستان کے موقع پر آئی ایس او کی جانب سے نکالی گئی استحکام پاکستان ریلی میں شرکت کرنے پر بزرگ شیعہ رہنما سیدعاشق حسین بخاری ولد منظور حسین کے خلاف ایف آر درج کردی گئی ہے، چنیوٹ پولیس کی مدعیت میں درج ایف آئی آر میں ATA 1997 11EE-D(4)کی دفعات شامل کی گئیں ہیں، پولیس نے موقف اختیار کیا ہے کہ عاشق حسین شیڈول فورمیں شامل ہیں لہذٰا ان کا استحکام پاکستان ریلی کی قیادت کرنا جرم ہے۔
واضح رہے کہ سید عاشق حسین بخاری چنیوٹ کے فعال شیعہ رہنمائوں میں شامل ہیں، جنہوںنے ہمیشہ اتحاد بین المسلمین کے لیئے خدمات انجام دی ہیں، ان کا نام سابقہ ن لیگ حکومت میں شیڈول فورمیں شامل کیا گیا تھاجو کہ تاحال تحریک انصاف کی حکومت نے خارج نہیں کیا، پولیس کی جانب سے عاشق حسین بخاری پر ریلی کی قیادت کا بے بنیادالزام عائد کیا گیا جبکہ وہ ایک عام شہری کی طرح اس ریلی میں شریک تھے، عاشق حسین بخاری پر کسی قسم کی دہشت گردی میں ملوث ہونے کی کوئی ایف آئی آر اس سے قبل درج نہیں ہے ان کا نام دیگر رہنمائوں کی طرح فقط ن لیگی حکومت نے ایم ڈبلیوایم سے سیاسی انتقام اور تعصب کی بنیاد پر شیڈول فور میں شامل کیا تھا ، چنیوٹ کے معززین نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے عاشق حسین بخاری کانام شیڈول فور سے فوری طورپر خارج کرنے کا مطالبہ کیا ہے بصورت دیگر سخت احتجاج کا بھی عندیہ دیاہے۔