پاکستان

محمد بن سلمان کا دورہ اور پاکستان کو سعودی امداد کا خیر مقدم کرتے ہیں، ایرانی سفیر

شیعیت نیوز : ایران نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورۂ پاکستان اور سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی مالی مدد کا خیر مقدم کیا ہے۔ ایرانی سفیر مہدی ہنردوست کا کہنا ہے کہ نہ صرف سعودی عرب ہی نہیں کوئی بھی عرب ملک پاکستان کی مدد کرے گا تو ہم اس کی تعریف کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم 100؍ فیصد تعاون کے اس اقدام کی تعریف کرتے ہیں۔ ایرانی انقلاب کی 40ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ ایران کو پاکستان اور عرب ممالک کے ساتھ تعلقات پر کوئی پریشانی نہیں کیونکہ ایران کے پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں جو دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران مسلم ممالک میں اتحاد اور یکجہتی چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ایران پر عائد پابندیاں ختم ہوں گی، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لیجایا جائے گا، ہم مسلم برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو نقصان پہنچانے والی ہر کوشش کا مقابلہ کریں گے۔تقریب میں وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا چیف گیسٹ تھیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ایران کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتی ہے۔ روسی سفیر الیگزی دیدوف نے دی نیوز سے بات چیت میں بتایا کہ وہ اپنے رابطے استعمال کرتے ہوئے افغانستان میں امن واستحکام کیلئے کوششیں کر رہے ہیں، ماسکو میں ہونے والی ملاقاتیں کارگر ثابت ہو چکی ہیں۔ ایک سوال، کہ افغانستان سے امریکیوں کا انخلا کامیابی ہوگی یا شکست، کے جواب میں روسی سفیر نے مسکراتے ہوئے کہا کہ یہ امریکیوں پر منحصر ہے کہ وہ اسے کیا نام دیتے ہیں۔ قطر کے سفیر سکر مبارک المنصوری کا کہنا تھا کہ ایک لاکھ پاکستانیوں میں سے نواز شریف حکومت کے دور میں 25؍ ہزار ملازمین قطر جا چکے ہیں جبکہ باقیوں کو باہمی مذاکرات و مشاورت سے بھیجا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قطر میں پاکستانی ملازمین بہترین خدمات انجام دے رہے ہیں۔ تقریب میں مہمانوں کی ایک بڑی تعداد بشمول شیعہ علمائے کرام اور دیگر نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ میئر اسلام آباد، ریٹائرڈ آرمی چیف اسلم بیگ، ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ محمد اعجاز، لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ، سابق وزیر واجد بخاری، وزیر مملکت انجینئر علی محمد، رحمان ملک بھی موجود تھے۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button