پاکستان

گلگت بلتستان اسمبلی میں سٹیٹ سبجیکٹ رول کی بحالی کی قرارداد لائیں گے، اپوزیشن لیڈرکیپٹن (ر) محمد شفیع

شیعیت نیوز: گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کیپٹن (ر) محمد شفیع نے کہا ہے کہ جوڈیشل آرڈر نافذ ہونے کے بعد ہم مکمل طور پر ناامید ہیں، اب چونکہ اعلیٰ عدالت نے متنازعہ قرار دیا ہے تو ضروری ہے کہ مکمل طور پر متنازعہ حیثیت بحال کی جائے، اس کے لئے اسمبلی کے اجلاس میں سٹیٹ سبجیکٹ رول کی بحالی کی قرارداد پیش کروں گا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق متنازعہ حیثیت کی مکمل بحالی کے لئے تحریک چلائیں گے۔ اسلام ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نون لیگ اور پی پی کے بعد پی ٹی آئی نے بھی آرڈر تھونپا ہے، جب ہم آرڈر 2018ء کے خلاف احتجاج کر رہے تھے تو نون لیگ کے لوگ اس وقت اس آرڈر کو آسمانی صحیفہ سمجھ رہے تھے، آج کس منہ سے مخالفت کر رہے ہیں۔ محمد شفیع کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان دنیا میں واحد خطہ ہوگا، جہاں عدالت کے حکم پر خطے کا نظام چلے گا، اگر ہمیں عبوری صوبہ نہیں بنایا جا سکتا تو سابق چیف جسٹس نے گلگت بلتستان آکر اتنا بڑا ڈرامہ کیوں کیا۔؟

ہمارا مطالبہ ہے کہ ہمارے ساتھ متنازعہ حیثیت کے مطابق ہی سلوک کیا جائے اور 3 اگست 1949ء کی اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق متنازعہ حیثیت میں مکمل حقوق دیئے جائیں، متنازعہ علاقے میں سٹیٹ سبجیکٹ رول کی بحالی بہت ضروری ہے۔ ایک متنازعہ علاقے میں کسی دوسرے صوبے کا شہری آکر کیسے ڈومیسائل لے سکتا ہے؟ مقبوضہ کشمیر عبوری صوبہ ہونے کے باوجود بھی وہاں سٹیٹ سبجیکٹ رول نافذ ہے۔ آزاد کشمیر میں داخلی خود مختاری کا ایک جامع نظام ہے، وہاں بھی ایس ایس آر نافذ ہے، پھر گلگت بلتستان کو فٹ بال کیوں بنایا جا رہا ہے۔؟ انہوں نے کہا کہ اپنے حقوق کے لئے عوام کو سڑکوں پر آنا ضروری ہے اور ہم عوام کو سڑکوں پر لائیں گے۔ آل پارٹیز کانفرنس میں آئندہ کے لائحہ عمل اور متفقہ بیانیہ تشکیل دیں گے۔ ممبران اسمبلی جلد اپنا لائحہ عمل طے کریں گے، عوام کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر تحریک کا آغاز کریں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button