پاکستان

شیعہ قوم اور ایم ڈبلیوایم نے نا فقط اہل تشیع بلکہ تمام ہم وطنوں کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے پی ٹی آئی کی حمایت کادرست فیصلہ کیا،علامہ مرزایوسف حسین

شیعیت نیوز: مجلس علمائے شیعہ پاکستان کے مرکزی صدر ، بزرگ عالم دین علامہ مرزایوسف حسین نے ایک بین الاقوامی خبررساں ادارے کو انٹرویودیتے ہوئے کہاکہ عام انتخابات میں شیعہ قوم نے تحریک انصاف کی حمایت پر مبنی جو تجربہ کیا ہے، وہ اپنی جگہ درست ثابت ہوا ہے، کیونکہ پچھلے تیس پینتیس سالوں میں شیعہ قوم دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مربوط رہی، کھل کر ان سیاسی جماعتوں کو سپورٹ کیا، مگر اس کے باوجود شیعہ قوم مسائل اور بحرانوں کا شکار رہی، اس دور حکومت میں زائرین کے مسائل کے حوالے سے دیکھیں، تو پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ وزیر داخلہ زائرین کے مسائل کے حل کیلئے سرحد پر گیا ہے، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کئی بار خود سرحد پر گئے، زائرین کے مسائل حل کرنے کی کوششیں کیں، اس حوالے سے پی ٹی آئی حکومت شیعہ قوم کی امیدوں پر پورا اتری، اس کے علاوہ بھی شیعہ مسائل میں پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے مثبت ردعمل کا اظہار کیا جاتا ہے، نظر انداز نہیں کیا جاتا۔ شیعہ قوم نے، مجلس وحدت مسلمین نے صرف شیعہ مسائل کے حل کیلئے نہیں بلکہ پورے ملک اور تمام ہم وطنوں کے مسائل اور بحرانوں کے حل کیلئے تحریک انصاف کی حمایت کی۔

انہوں نے مزید کہاکہ گذشتہ حکومتوں نے جس بے دردی سے ملک و قوم کو لوٹا ہے، جو اب بے نقاب ہو رہا ہے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی حکومتیں مکمل طور پر ناکام ہوچکی تھیں، ان کی بدعنوانیوں کے حوالے سے جو انکشافات ہو رہے ہیں، اس نے یہ واضح کر دیا ہے کہ یہ اس قابل ہی نہیں ہیں کہ انہیں ووٹ دیکر اقتدار میں لایا جائے یا ان پر اعتماد کیا جائے، جہاں تک موجودہ پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی کی بات ہے، تو دو جماعتیں جنہوں نے دس دس سال، بیس بیس سال حکومت کی ہیں، ان کے مقابلے میں پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت کا تو ابھی ایک سال بھی پورا نہیں ہوا ہے، ٹھیک ہے کہ عمران خان اور ان کی جماعت نے جذباتی انداز میں سو روزہ پلان میں بڑے بڑے دعوے اور وعدے کئے تھے، لیکن انہوں نے وہ پُرخلوص جذبے کے ساتھ کہا تھا، لیکن ہمیں امید ہے کہ حکومت ان تمام وعدوں پر عملدرآمد کریگی، یہ الگ بات کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے حکومت کو الجھایا جا رہا ہے، اسے کام کرنے نہیں دیا جا رہا ہے، ہم سمجھتے ہیں وزیراعظم عمران خان ملک و قوم کے ساتھ دیانتدار اور مخلص شخص ہیں، ہمیں ان کے اندر ایسی کوئی بات نظر نہیں آتی ہے کہ جس پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا جائے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button