یمن کو شیطانی قوتوں نے تباہ وبربادکر دیاہے، علامہ سید جواد نقوی

شیعیت نیوز: تحریک بیداری امت مصطفی کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے کہا ہے کہ فلسطین اور کشمیر میں مزاحمتی تحریک حوصلہ افزا ہے، دونوں مقبوضہ مسلم خطوں کے محکوم عوام اسرائیل اور بھارت کے قبضے کو مسترد کر چکے ہیں، وہ آزادی اور خود مختاری چاہتے ہیں، یمن کو شیطانی طاقتوں نے تباہ وبرباد کر دیا ہے، بیرونی عناصر کی مداخلت اور سعودی حملوں کے باعث عوام کا جینا دوبھر ہو چکا ہے، سعودی عسکری اتحاد کے فضائی حملوں کے باعث تعلیمی ادارے اور ہسپتال تباہ کر دیئے گئے ہیں، اس طرف عالمی برادری نے کوئی توجہ نہیں دی، البتہ فریقین کے درمیان مذاکرات میں پیشرفت خوش آئند ہے، جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہوتی، مذاکرات سے امن قائم ہوتا ہے تو ہونا چاہیے تاکہ لوگوں کو امن میسر ہو اور یمن کے حالات بھی معمول پر آ جائیں۔
مسجد بیت العتیق جامعہ عروة الوثقیٰ چندرائے میں خطاب کرتے ہوئے علامہ جواد نقوی کا کہنا تھاکہ شام میں دہشتگردوں کیخلاف عوام اور مقامی فوج کی کارروائیاں قابل ستائش ہیں، جنہوں نے امریکہ اور سعودی عرب کی حمایت سے چلنے والی داعش کا قلع قمع کر دیا ہے اور انہیں وہاں سے بھاگنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء میں انسانی مسائل میں اضافہ ہوا، امریکہ اور روس نے اپنا اسلحہ بیچنے کیلئے دنیا کے امن کو داو پر لگا دیا ہے، دنیا میں سعودی عرب اور بھارت اسلحہ کے سب سے بڑے خریدار ہیں، تاکہ اپنے مخالفین کو دبا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، بھارت، چین اور روس دنیا میں گندی سیاست کر رہے ہیں، ان کا جہاں مفاد ہوتا ہے، عالمی قوانین کو رد کرکے بھی وہاں کود پڑتے ہیں، انڈیا ایران کو عالمی پابندیوں پر بلیک میل کرتا ہے، تیل لے لیتا ہے مگر ادائیگی میں لیت و لعل سے کام لیتا ہے کہ ایران کیخلاف امریکی پابندیاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ولایت فقیہہ اسلامی نظام کی بہترین عملی شکل ہے، قرآن و سنت کی بنیاد پر تشکیل کردہ نظام ولایت فقیہہ 40 سال سے اسلامی جمہوریہ ایران میں نافذ ہے،مگر عراقی قیادت نے الٰہی نظام نافذ کرنے کا موقع ضائع کر دیا۔