عراق

امریکی صدر سے ملاقات کے لئے عراقی وزیر اعظم کی شرطیں

عراق میں واقع صوبے الانبار میں عین الاسد فوجی اڈے کے دورے اور امریکی فوجیوں سے ملاقات کے لئے ٹرمپ کی اچانک اور بغداد حکومت سے ہم آہنگی کے بغیر آمد کے موقع پرعراقی وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے امریکی صدر سے ملاقات کے لئے اس بات کی شرط رکھی تھی کہ وہ ایران مخالف پابندیوں پرکوئی بات نہیں کریں گے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے ملاقات کے لئے عراقی وزیراعظم کی شرط قبول نہیں کی لہذا عراقی وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے بھی اس ملاقات سے انکار کر دیا۔
عراق کے وزیراعظم کے دفتر نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ اس دورے میں ضروری تھا کہ امریکی صدر ٹرمپ کا سرکاری طور پراستقبال کیا جاتا اورعراق کے وزیر اعظم عادل عبدالمہدی اور امریکی صدر ٹرمپ کے درمیان ملاقات ہوتی مگر اس ملاقات کے پروگرام پر پائے جانے والے اختلاف کی بنا پر دونوں کے درمیان صرف ٹیلیفون پر ہی گفتگو ہوسکی۔
امریکی صدرٹرمپ بدھ کی رات اچانک عراق کے دورے پر پہنچے اور اس ملک کے صوبے الانبار میں واقع عین الاسد فوجی اڈے میں انھوں نے امریکی فوجیوں سے ملاقات کی۔
ٹرمپ کے دورہ عراق کے طریقے اورعراق میں امریکی فوجیوں کی موجودگی جاری رکھنے کے بارے میں ٹرمپ کے بیان پرعراق کے مختلف گروہوں اور شخصیات نے وسیع پیمانے پر احتجاج کیا ہے۔
عراقی پارلیمنٹ کے اراکین نے بھی عراق میں تعینات امریکی فوجیوں کے انخلا کا مطالبہ کیا ہے۔ عراق کے ارکان پارلیمنٹ نے امریکی صدر ٹرمپ کے اچانک اور حکومت عراق کی اطلاع کے بغیر دورہ عراق کی شدید مخالفت کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ عراقی عوام عراق سے امریکی فوجیوں کے انخلا کے خواہاں ہیں۔
عراقی پارلیمنٹ کے اراکین نے اس دورے کو بھی قومی اقتدار اعلی کے منافی قرار دیا۔
عراقی پارلیمنٹ کے ارکان نے امریکی فوجیوں کے انخلا کے بارے میں پارلیمنٹ میں ووٹنگ کرائے جانے کی ضرورت پر زور یتے ہوئے اعلان کیا کہ اس مسئلے پر ہنگامی اجلاس میں غور کیا جائے گا۔
امریکی صدرٹرمپ نے اچانک عراق کا دورہ اورامریکی فوجیوں سے ملاقات کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ عرا‍ق سے امریکی فوجیوں کو واپس نہیں بلایا جائے گا۔
عراق کے پارلیمانی انتخابات اور ان انتخابات میں صدر دھڑے کی کامیابی اوردیگر دھڑوں کی نسبت بیشتر نشستیں حاصل کئے جانے کے بعد عراق میں غیر ملکیوں کا اثر و رسوخ کنٹرول کیا جانا اس ملک کا سب سے اہم مسئلہ بن گیا ہے۔
صدر دھڑے کے رہنما مقتدی صدر نے عراق کے داخلی امور میں امریکی فوجیوں کی مداخلت کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button