پاکستان

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کا 143واں یومِ ولادت عقیدت و احترام سے منایا گیا

شیعیت نیوز: امت کے پاسبان محمد علی جناح کا 143 واں یوم پیدائش عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ کراچی میں مزار قائد پر تبدیلی گارڈز کی پروقار تقریب ہوئی، پی ایم اے کاکول کے کیڈٹس نے گارڈ کے فرائض سنبھال لئے، میجر جنرل اختر نواز ستی کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ مزار قائد پر تبدیلی گارڈز کی پروقار تقریب ہوئی، اعزازی گارڈز نے مہمان خصوصی کی آمد پر سلامی پیش کی، قومی ترانے کی دھن بجائی گئی، مہمان خصوصی میجر جنرل اختر نواز ستی نے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔ کیڈٹس کے چاک و چوبند دستے نے بابائے قوم کو جنرل سلیوٹ پیش کیا۔ پی ایم اے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لئے، اس موقع پر فوجی بینڈ نے مسحور کن دھن بجائی، میجر جنرل اختر نواز ستی نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔ پی ایم اے کیڈٹس کے چارج سنبھالنے سے پہلے پاک فضائیہ کے کیڈٹس گارڈ کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ محمد علی جناح سے قائد بنے تو مسلمانان برصغیر کے لئے نیا ملک بنا دیا۔ بانی پاکستان نے خطے کو انگریز کے جبر اور ہندوؤں کے تعصب سے پاک کرنے کے لئے ارض پاکستان کا مقدمہ جیتا۔ آپ نے ہندوستان کے مسلمانوں کو نئی پہچان دی، پھر اسی پاک سرزمین کو پاکستان کا نام ملنے کے بعد خود بانی پاکستان کہلائے۔

محمد علی جناح 25 دسمبر 1876ء کو پیدا ہوئے۔ وکالت کے بعد انڈین نیشنل کانگریس جوائن کی لیکن مسلمانوں کی حق تلفی کو بھانپ پر ان کے حق لینے کے لئے میدان میں آ گئے۔ 1913ء میں مسلمانوں کی نمائندہ واحد جماعت آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اور یہاں سے علیحدہ وطن کی باقاعدہ تحریک کا آغاز کر دیا۔ آزادی کے بعد قائداعظم 11 ستمبر 1948ء کو خود تو انتقال کر گئے، مگر ایک ابھرتی ہوئی قوم کو دنیا میں اپنا نام اور مقام بنانے کی ہمت، جستجو اور حوصلہ دے گئے۔ پاکستان میں آج بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا 143 واں یومِ پیدائش عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ آج کے دن کی مناسبت سے ملک بھر میں سرکاری عمارتوں پر پرچم لہرائے گئے اور تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے، جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے ملک میں عام تعطیل کا بھی اعلان کیا گیا۔ تقریب میں فاتحہ خوانی کی گئی اور مزار قائد پر پھول چڑھا کر بانی پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا جبکہ آج کے دن کی مناسبت سے مختلف ادارے اور تنظیموں نے خصوصی تقریبات کا انعقاد بھی کیا۔ گورنر سندھ عمران اسمٰعیل اور وزیر اعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے بانی پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے بابائے قوم کے مزار پر حاضری دی۔

اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے قوم کے نام اپنا خصوصی پیغام بھی جاری کیا۔ صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک قوم کی صورت میں متحد کیا اور انکے لئے ایک آزاد وطن حاصل کیا، جہاں وہ اپنی ثقافت و رسومات کے تحت زندگی بسر کرسکیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ قائداعظم کے فرامین آج بھی اسی طرح قابلِ عمل ہیں جس طرح 7 دہائی قبل تھے، ہمیں ان کے بتائے ہوئے اصولوں "اتحاد، یقین اور تنظیم” پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے قوم کو تاکید کی کہ آج ہم صرف بابائے قوم کو خراجِ عقیدت ہی پیش نہیں کررہے بلکہ اپنے تصورات بھی ان کی تعلیمات کی روشنی میں ڈھالیں گے۔ انہوں نے قوم کو دعوت دی کہ آیئے آج عہد کرتے ہیں کہ ہم قائد کے وژن کے تحت اپنے عظیم ملک کی خدمت کے لئے انفرادی اور اجتماعی طور پر انتھک محنت کریں گے۔ دوسری جانب قائداعظم کے یومِ پیدائش کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے قوم کے نام اپنے خصوصی پیغام میں ماضی کی غلطیاں نہ دہرانے اور قائد اعظم کے افکارات کو حقیقت میں ڈھالنے کے لئے ایک متحد قوم کی حیثیت سے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ انفرادی اور اجتماعی سطح پر ان کے بتائے گئے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ملک کو حقیقی فلاحی، ترقی یافتہ اور خوشحال ریاست بنانا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button