پاکستان

خطرات میں گھرا پاکستان قومی یکجہتی کے ذریعے ہی محفوظ بنایا جا سکتا ہے، صاحبزادہ حامد رضا

شیعیت نیوز: سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ آئین میں موجود قرارداد مقاصد پر عمل کرکے پاکستان کو ریاست مدینہ کا عکس بنایا جا سکتا ہے، مذہب کے نام پر لوگوں کو مشتعل نہیں کرنا چاہیے، قوم کو مدبر اور زیرک قیادت کی ضرورت ہے، آئی ایم ایف سے قرض لینے سے پہلے پارلیمنٹ سے منظوری لی جائے، غیر ملکی امدادی پیکج وقتی اور عارضی حل ہے، ہمیں معاشی بحران کے دیرپا حل کیلئے اپنے گھر کو ٹھیک کرنے اور خود انحصاری کی پالیسی اپنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی قرضوں نے ملک کی خودمختاری داؤ پر لگا دی ہے، سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں، اس لئے حکومت سیاسی محاذ آرائی سے گریز کرے، تبدیلی کے نام پر قوم کو ایک بار پھر ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے فیصل آباد میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان میں رسالت مدینہ کا نظام نافذ کرنے کیلئے حقیقی علمائے حق سے مشاورت کرے، شرعی نظام کا نفاذ حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے، وزراء باتیں زیادہ اور عمل کم کرتے ہیں، وزیراعظم وزراء کو بدزبانی سے روکیں اور قومی مسائل کے حل کیلئے قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوششیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ عید میلادالنبی کے موقع پر قوم کو نفاذ نظام مصطفے کا تحفہ دیا جاتا تو بہت بہتر ہوتا، نظام مصطفے کا نفاذ ہی تمام مسائل کا حل ہے، بیرونی خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے اندرونی اتحاد ضروری ہے، خطرات میں گھرا پاکستان قومی یکجہتی کے ذریعے ہی محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button