عراقی سفارت خانےکی جانب سے ویزے کے اجراءمیں تاخیر، لاکھوں پاکستانی زائرین کی اربعین پرکربلاروانگی مشکوک
شیعیت نیوز: اربعین امام حسینؑ پر عراق جانے والے ہزاروں زائرین مشکلات کا شکار ہوگئے۔ اسلام آباد میں قائم عراقی سفارت خانہ ویزا جاری کرنے میں تاحال ناکام ہے،زائرین کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات میں کہا گیا ہے کہ ہر سال عراقی سفارتخانہ کی جانب سے بیس محرم تک اربعین امام حسین کے لیے ویزے جاری کردئیے جاتے تھے، مگر اس بار ابھی تک ویزے جاری نہیں ہوئے۔ متاثرہ زائرین کا کہنا ہے کہ ویزے جاری نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان سے عراق جانے والی فلائٹس مسافروں کو لے جانے سے قاصر ہیں تو بائی روڈ جانے والے ہزاروں زائرین کی اربعین حسینی میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔ ویزے جاری نہ ہونے کی صورت میںان زائرین کو کروڑوں روپے کا مالی نقصان کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے جنہوں نے اپنے ایئر ٹکٹس پہلے سے بک کروارکھے ہیں۔ متاثرہ زائرین نے وزارت داخلہ سے معاملے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
بعض نجی چینلز کی رپورٹس کے مطابق اس وقت ایک لاکھ پچیس ہزارزائرین کے پاسپورٹ اسلام آباد میں قائم عراقی ایمبیسی میںویزے کے حصول کے کیلئے جمع ہیںجبکہ یکم صفر گذرجانے کے باوجود تاحال عراقی سفارت خانے کا عملہ ویزے جاری کرنے میں ناکام ہے، سفارتی حکام کا کہنا ہے کہ بغدادسے تاحال پاکستان کیلئے ویزہ پالیسی کا اعلان نہیں کیاگیا ہے جس کی بناءپر اب تک ویزے جاری نہیں کیئے جاسکے ہیں۔