پاکستان

عوام کی حمایت سے دہشتگردی پر قابو پالیا ہے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

شیعت نیوز: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج ملک میں پائیدار سماجی اور اقتصادی بہبود کی خاطر سازگار ماحول قائم کرنے کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کرتی رہے گی۔انہوں نے یہ بات اسلام آباد ایئر یونیورسٹی میں تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس سے ’تحفظ پاکستان‘ کے عنوان سے مرکزی خطاب کرتے ہوئے کہی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ(آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس تین روزہ کانفرنس کا عنوان "بنیاد پرستی: تعلیمی اداروں میں حقائق، تصورات اور درپیش چیلینجز” تھا۔

اپنے خطاب میں آرمی چیف نے تفصیلی طور پر ملک کی سلامتی اور پاکستان اور خطے میں پائیدار امن کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔انہوں نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے عالمی رجحان کا مقابلہ کرنے اور پاکستان کو اس عفریت سے محفوظ رکھنے کے عزم کا اظہار کیا.درپیش داخلی اور خارجی چیلینجز پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پرلاحق خطرات اس بات کا مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام اداروں کی جانب سے مل کر اس کے خلاف بھرپور ردعمل کا اظہارکیا جائے۔چیف آف آرمی اسٹاف کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور عوام نے ملک میں استحکام واپس لانے کے لیے خطیر قربانیاں دی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کی مکمل حمایت سے دہشت گردی کا عفریت قابو کیا جاچکا ہے لیکن ہمیں اب بھی چوکس رہنا ہوگا اور بقا سے احیا کی جانب سفر کے لیے صحیح راستے پر گامزن ہونا ہوگا۔اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی آمد پر ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان، چیف آف ایئر اسٹاف اور وائس چانسلر ایئر یونیورسٹی، ایئر وائس مارشل(ر) فائز عامر نے ان کا استقبال کیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button