آرمی چیف نے 202 افراد کے قتل میں ملوث 13 خطرناک دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی
شیعت نیوز: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 13 دہشت گردوں کی سزائےموت کی توثیق کردی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 202 افراد کے قتل میں ملوث 13 دہشت گردوں کی سزائےموت کی توثیق کردی ہے، جب کہ 7 دیگر دہشت گردوں کو قید کی سزا بھی سنائی گئی ہے۔ ان دہشت گردوں کے خلاف ملٹری کورٹ میں مقدمات چلائے گئے اور انہوں نے عدالت کے سامنے اعتراف جرم کیا۔
سزائے موت پانے والوں میں منیر احمد ،محمد بشیر،حافظ عبداللہ،بخت اللہ خان،شاہ خان،محمد سہیل خان ،داؤد شاہ، محمد منیر، حبیب اللہ ،محمد آصف، گل شاہ ، جلال حسین اور علی شیر شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ تمام دہشت گرد مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں، تعلیمی اداروں کی تباہی اور عام شہریوں کے قتل میں ملوث تھے، اور ان پر مجموعی طور پر 202 افراد کے قتل کا الزام ثابت ہوا، جب کہ دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔








