سعودی اقتصادی مراکز پر یمنی فوج کا میزائلی حملہ
یمن کی فوج کے میزائل یونٹ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے سعودی عرب کے جنوبی صوبے جیزان میں سعودی نیشنل آئل کمپنی آرامکو کی آئل ریفائنری اور پیٹروکیمیکل کارخانے کو نشانہ بنایا ہے-
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے پیر کی رات بھی جیزان میں آرامکو آئل کمپنی کو نشانہ بنایا تھا- اس سے پہلے یمنی فوج کے ترجمان شرف لقمان نے کہا تھا کہ جب تک یمن پر جارح افواج کے وحشیانہ حملے جاری ہیں اور یمن کا محاصرہ باقی رہتا ہے اس وقت تک ہم جارح ملکوں کے فوجی اور اقتصادی مراکز کو نشانہ بناتے رہیں گے-
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے یمن کے مغربی ساحلی علاقے الجاح میں سعودی عرب اور اس کے اتحادی فوجیوں کے اڈوں پر بھی حملہ کیا ہے اس حملے میں متعدد جارح فوجی ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ ان کی کئی گاڑیاں تباہ ہو گئیں-
یمنی فوج نے اسی طرح یمن کے مغربی ساحل الجبلیہ کے علاقے کے اطراف میں بھی غاصب اور جارح فوجیوں کے ٹھکانوں پر حملہ کیا۔ اس حملے میں بھی سعودی عرب اور اس کے اتحادی ملکوں کے کئی فوجی مارے گئے ہیں-
ادھر جنوبی محاذ پر بھی یمنی فوج کے ساتھ جھڑپ میں چار سعودی فوجی ہلاک کر دیئے گئے- یمنی فوج کے اسنائپروں نے بھی اعلان کیا ہے کہ گذشتہ چار روز کے دوران مفرور صدر منصور ہادی کے پچانوے فوجی ہلاک کر دیئے گئے ہیں-
یمنی فوج کے اسنائپروں نے کہا ہے کہ اگست کے مہینے میں انہوں نے یمن کے مختلف علاقوں میں سات سو باون کارروائیاں انجام دی ہیں-