پاکستان

سربراہ ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصرعباس کی ڈاکٹر عارف علوی کوصدر پاکستان منتخب ہونے پر مبارک باد

شیعت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نےڈاکٹر عارف علوی کو پاکستان کا 13واں صدر مملکت منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے، مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر عارف علوی کا سادہ اکثریت سے صدر پاکستان منتخب ہونا خوش آئند ہے ، امید ہے کہ وہ تمام صوبوں کے درمیان اتحاد کی علامت قرار پائیں گے، پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نپٹنے کیلئے فیڈریشن کامضبوط ہونا ناگزیر ہے ، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی تشکیل کے بعد ڈاکٹر عارف علوی کےبحیثیت صدر مملکت انتخاب سے جمہوریت کی جڑیں پہلے سے زیادہ مضبوط ہوں گی،امریکہ ، اسرائیل ، بھارت اور ان کے اتحادی پاکستان کی سلامتی واستحکام کے خلاف سازشوں میں مصروف عمل ہیں ، امریکی دھمکیاں اور دبائواسی کا تسلسل ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ نومنتخب حکومت کے انقلابی اعلانات اور اقدامات کو عملی جامہ پہنانے کیلئے وفاقی اکائیوںکا ایک پیج پر ہونا انتہائی ضروری ہے ، موجودہ حکومت کی جانب سے کفایت شعاری مہم کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ،پاکستان کو معاشی بحران سے نجات دلانے کیلئے عوام کو حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرنا ہوگا، امید ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کے راہ پر گامزن کرنے کیلئے مل کر جدوجہد جاری رکھیں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button