پاکستان

لشکر جھنگوی کا مسرور جھنگوی دوبارہ تین سال کے لئے فورتھ شیڈول میں شامل

شیعیت نیوز: محکمہ داخلہ پنجاب نے کالعدم سپاہ صحابہ و لشکر جھنگوی کے بانی مولانا حق نواز جھنگوی کے بیٹے اور سابق رکن پنجاب اسمبلی مسرور نواز جھنگوی کا نام تین سال کیلئےدوبارہ فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں ۔مسرور نواز جھنگوی کا نام جون 2014 میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت تین سال کے لئےفورتھ شیڈول ڈالا گیا جسکی مدت جون 2017میں ختم ہوگئی تھی۔نیشنل کائونٹرٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے فورتھ شیڈول میں شامل افراد کے الیکشن میں حصہ لینے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ پنجاب کو 15اگست کو طلب کر رکھا ہے اور ان کے حوالے سے رپورٹس بھی مانگ لی ہیں۔ اعلیٰ سطح کے سکیورٹی ذرائع نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ تاحال فورتھ شیڈول میں شامل افراد کے الیکشن میں حصہ لینے پر کوئی پابندی نہیں، اعلیٰ عدالت کے ایک فیصلے میں بھی یہی قرار دیا گیا ۔پابندی صرف صدارتی آرڈیننس کے ذریعے یا قومی اسمبلی میں قانون سازی لگائی جاسکتی ہے ۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ اگر جیل سے الیکشن لڑا جاسکتا ہےتو فورتھ شیڈول میں شامل افراد پر تو کوئی جرم ثابت نہیں ہوا ہوتا اور نہ ہی وہ کسی عدالت سے سزایافتہ ہوتے ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق اگر فورتھ شیڈول میں شامل افراد کے الیکشن لڑنے پر پابندی عائد ہوئی تو ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی جسے چاہے گی الیکشن لڑنے سے روکنے کے لئے اس کا نام فورتھ شیڈول میں شامل کردے گی۔ ’’جنگ نیوز‘‘ کے رابطہ کرنے پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نسیم نواز نے بھی بتایا کہ فورتھ شیڈول میں شامل افراد کے انتخابات میں حصہ لینے پر کوئی پابندی نہیں۔ نیکٹا کی طرف سے اگر تشویش کا اظہار کیا گیا تو قانون کے مطابق جواب پیش کردیں گے۔ انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997ء وفاق نے بنایا تھا اس میں ترمیم بھی وفاق ہی کر سکتا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button