یمن

یمنی خواتین کا سعودی جارحیتوں کے خلاف مظاہرہ

یمنی خواتین نے اپنے ہاتھوں میں احتجاجی پلی کارڈ اٹھارکھے تھے اور نعرے لگارہی تھیں کہ سعودی اتحاد کے حملوں کا مقابلہ کرنے کے لئے لوگ زیادہ سے زیادہ سڑکوں پر نکلیں۔ مظاہرے میں شریک یمنی خواتین نے یمنی فوج اور عوامی رضاکارفورس کی استقامت اور بہادری کی تعریف کی۔ مظاہرے کے اختتام پر جاری کئے گئے بیان میں یمنی عوام پر سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی کی مذمت کی۔

یمنی خواتین نے اپنے بیان میں کہا کہ مادر وطن اور ملک کی عزت و ناموس کا ہر حال میں دفاع کیاجائے گا – گذشتہ ہفتے جمعرات کو بھی بڑی تعداد میں یمنی خواتین نے صنعامیں ایک ریلی نکال کر الحدیدہ کےعلاقے التحیتا میں سعودی اتحادی فوجیوں کے ہاتھوں آٹھ یمنی خواتین کے اغوا کی مذمت کی۔ یہ ریلی اقوام متحدہ کے نمائندہ دفتر کے سامنے ایک احتجاجی اجتماع میں تبدیل ہوگئی۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کے فوجیوں نے گذشتہ ہفتے اتوار کو الحدیدہ کے علاقے التحیتا میں رہائشی مکانوں میں گھس کر آٹھ یمنی خواتین کو اغوا کرلیا تھا۔

دوسری جانب یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ صوبہ الحدیدہ کےعلاقے الدریہمی اور مغربی ساحل کے دیگر سبھی علاقوں کو جارح فوجیوں کا قبرستان بنادیا جائے گا۔ یمنی فوج اور عوامی رضاکارفورس نے ہفتے کو ایک کارروائی کے دوران مغربی ساحل پر جارح افواج کے بہت سے فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کردیا جبکہ متعدد جارح فوجیوں کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔

یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات اپنے ایک بیان میں مغربی ساحلوں پر غاصب اور جارح افواج کے خلاف خصوصی ٹیکٹیک کے ذریعے یمنی فوج کی کارروائی کا ذکرکرتے ہوئے کہا اس ٹیکٹیک نے جارح افواج کو مبہوت کردیا اور وہ اپنے ٹھکانوں سے فرار کرنے پر مجبور ہوگئے۔

انصاراللہ کے ترجمان نے کہا کہ جارح فوجی فرار کرتے وقت اپنے بہت سے فوجی ساز وسامان بھی چھوڑ کر بھاگ گئے – یمنی فوج کے بھی ایک ذریعے نے المیادین ٹیلی ویژن چینل سے اپنی گفتگو میں بتایا کہ سعودی سرحدکے اندر عسیر صوبے کی علب گذرگاہ کے قریب یمنی فوجیوں نے متعدد سعودی فوجیوں کو گرفتار کرلیا ہے ۔

یمنی فوج نے سعودی صوبے عسیر کے اندر سعودی فوجیوں کے کئی ٹھکانوں پر بھی کنٹرول کرلیا ہے۔ سعودی عرب نے امریکا اور کچھ عرب ملکوں کی حمایت سے مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر اپنی وحشیانہ جارحتیں شروع کررکھی ہیں جن کے نتیجے میں اب تک دسیوں ہزار یمنی شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں جبکہ دسیوں لاکھ یمنی شہری اپنے گھربار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے اپنے وحشیانہ حملوں میں یمن کی بنیادی شہری تنصیبات کو بھی بری طرح تباہ کردیا ہے جن میں اسپتال، اسکول اور حتی مساجد بھی شامل ہیں۔ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے یمن کا محاصرہ بھی کررکھا ہے لیکن ان تمام باتوں کے باوجود سعودی اور امریکا اب تک اپناکوئی بھی مقصد حاصل نہیں کرسکے ہیں۔

 

 

متعلقہ مضامین

Back to top button