پاکستان

علامہ راجہ ناصر عباس کی عمران خان سے ملاقات،ہمیں دنیا میں پاکستان کی باوقار حیثیت کو واپس دلانا ہوگی،قائدین کا عزم

شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وفد کے ہمراہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی اور انہیں انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے جدوجہد کو اولین ترجیحات میں شامل کرنا ہوگا، معاشرے کو کرپشن کے ناسور سے پاک کرنے کے لئے بلاتفریق احتساب کے عمل کو یقینی بنانا ہوگا، میرٹ اور انصاف کی بالادستی کو یقینی بنانا، ملکی ترقی اور امن کے لئے ناگزیر ہے، امید کرتے ہیں تحریک انصاف کی حکومت آزاد اور خود مختار خارجہ پالیسی بنائے گی، پاکستان ایشیاء کا دل اور بیس کروڑ عوام کا ایٹمی ملک ہے، ہمیں دنیا میں پاکستان کی باوقار حیثیت کو واپس دلانا ہوگی۔ اس موقع پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے الیکشن میں پی ٹی آئی کی حمایت اور کامیابی میں بھرپور کردار ادا کرنے پر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ یہ سیاسی اتحاد آئندہ بھی جاری رہے گا، ہماری جدوجہد پر امن مستحکم اور شدت پسندی سے پاک قائد اعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان بنانے کے لئے جاری رہے گی۔ واضح رہے کہ ملاقات میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی، سید شہریار محسن اور نثار علی فیضی، جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء جہانگیر ترین، عارف علوی اور ندیم افضل چن موجود تھے۔ واضح رہے کہ ایم ڈبلیو ایم نے انتخابات 2018ء میں پی ٹی آئی سے سیٹ ایڈجسمنٹ کی تھی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button