ہم امن کے پر آزمائش سفر میں طویل فاصلہ طے کرچکے ہیں، آرمی چیف
شیعیت نیوز: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کے امن کیلئے طویل فاصلہ طے کر لیا ہے اور اب منزل دور نہیں،نفرت و انتشار پھیلانے والوں کے خلاف ہم بلا امتیاز متحد کھڑے ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ جمعرات کو پشاور پہنچے جہاں انہوں نے خود کش حملے میں شہید ہونے والے ہارون بلور کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا اور ان کی مغفرت کے لیے دعا کی۔اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ بلور فیملی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھرپور عزم سے ڈٹی رہی اور اس نے عظیم قربانیاں دیں۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ ہم امن کے پر آزمائش سفر میں طویل فاصلہ طے کرچکے ہیں، انشاءاللہ منزل اب زیادہ دور نہیں۔آرمی چیف جب پشاور میں ہارون بلور کی رہائش گاہ پہنچے تو ان کے ہمراہ کور کمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل نذیر احمد بٹ اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور بھی تھے۔