آئی پنجاب کا عید پر چپکے سے گھرآئے دہشتگردوں کو پکڑنے کا حکم
شیعیت نیوز: عید کی چھٹیوں میں چپکے سے اپنے گھر آنیوالے دہشتگردوں، اشتہاری ملزموں اور انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن کی تیاریاں کر لی گئیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب پولیس نے ہدایت کی ہے کہ عید کی چھٹیوں میں چوری چھپے اپنے گھروں کو آنیوالے دہشتگردوں اور ریکارڈ یافتہ اشتہاری ملزموں کی گرفتاری ہر صورت یقینی بنائی جائے، چنانچہ صوبہ بھر میں تقریباً 4 ہزار 11 دہشتگردوں اور اشتہاریوں کی فہرستیں متعلقہ ایس ایچ اوز کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ جن میں لاہور کے 805 ملزم شامل ہیں۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ لاہور کینٹ ڈویژن میں 201، سٹی میں 217، ماڈل ٹاؤن میں 161، صدر میں 178، سول لائنز میں 104 اور اقبال ٹاؤن میں پولیس کو 99 ملزموں کے نام دیئے گئے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ سی سی پی او لاہور کیپٹن ریٹائرڈ امین وینس نے اس سلسلے میں سخت احکامات جاری کر دیئے ہیں کہ اگر کسی علاقہ میں کوئی دہشتگرد یا اشتہاری عید پر چپکے سے اپنے اہلخانہ کیساتھ ملاقات کرکے دوبارہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تو متعلقہ ایس ایچ او کیخلاف کارروائی ہو گی۔ ایف آئی اے کے تفتیشی افسر اور ملازمین عید کی چھٹیوں کے دوران انسانی سمگلنگ میں ملوث ریڈ بک کے ملزموں سمیت اشتہاری اور ایجنٹوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے ماریں گے۔ اس حوالے سے ایف آئی اے کے ریجنل آفس لاہور، ملتان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ نے تین تین چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دیں جبکہ ایف آئی اے گوجرانوالہ نے اپنی مہم شروع کرتے ہوئے درجن کے قریب اشتہاری ملزم فرید، محمد سیف اور شہزاد وغیرہ کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔