عراق

اقتدار کی کوئی لالچ نہیں، مقتدی الصدر

بغداد (مانیٹرنگ ڈیسک) عراق کے معروف سیاسی رہنما مقتدی الصدر کا کہنا ہے کہ ملک کے اندرونی حالات نہایت سنگین ہیں اگر ہوشیاری سے کام نہ لیا گیا تو ملک خانہ جنگی کا شکار ہوسکتا ہے۔صدر پارٹی کے سربراہ سید مقتدی الصدر نے ملکی حالات کو نہایت نازک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ہوشیاری سے کام نہ لیا گیا تو ملک خانہ جنگی کا شکار ہوجائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اقتدار کی مجھے کوئی لالچ نہیں ہے۔

انہوں نے عراقی قوم سے کہا کہ آپ کا ملک پہلے ہی بے تحاشا زخموں سے چور چور ہے، کئی سال پورے ملک میں بے گناہوں شہریوں کا خون بہتا رہا، ملک کے لئے آپ کے اتحاد اور صبر تحمل کی اشد ضرورت ہے۔

مقتدی الصدر نے مزید کہا کہ اب بھی ملک میں بعث پارٹی کے ظلم و جبر کے آثار پائے جاتے ہیں جس کے خاتمے کے لئے قوم میں اتحاد کی ضرورت ہے۔مقتدی الصدر نے عراقی سیاست دانوں سے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ذاتی مفادات اور اقتدار کی ھوس کو دور کرکے ملک کے لئے کام کریں۔

بغداد میں بیلٹ بکسوں پر لگنے والی آگ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کیا وہ وقت آن نہیں پہنچا ہے کہ ہم سب مل کرکے عراق کی ترقی کے لئے کام کریں، بیلٹ بکسوں کو جلانے سے کیا ملے گا؟ ایک دو سیٹوں کی خاطر دوبارہ انتخابات کروانا کونسی عقل مندی ہے؟واضح رہے کہ اتوار کی شام بغداد کے ضلع الرصافہ میں الیکشن کمیشن کے گودام میں آگ لگی تھی جس میں موجود تمام بیلٹ بکس جل کر راکھ ہوگئے تھے۔

دوسری طرف وزیر اعظم حیدر العبادی نے تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عراق اور اس کی جمہوری روش کو نشانہ بنانے کا منصوبہ ہے۔ ہم ملک اور عوام کے امن و استحکام کو متزلزل کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھ کے ساتھ نمٹیں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button