پاکستان

نریندر مودی کے دورہ سے مسئلہ کشمیر کے حقائق چھپ نہیں سکتے ہیں، مولانا عباس انصاری

شیعیت نیوز: موں و کشمیر اتحاد المسلمین کے سربراہ و سینئر مزاحمتی رہنما مولانا محمد عباس انصاری نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ کشمیر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی کے دورہ کشمیر سے مسئلہ کشمیر کی اصل حقیقت کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کشمیری قوم کو مودی کے دورہ کشمیر پر پرامن احتجاج درج کرنے کے لئے سیاہ جھنڈے لہراتے ہوئے لال چوک کا رخ کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ اس روز عالمی ایوانوں تک یہ بات پہنچائیں کہ کشمیری قوم بھارتی غلامی کو کسی بھی صورت میں قبول نہیں کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کi ایماء پر کشمیری قوم کو لہولہان کیا جا رہا ہے لہذٰا کوئی جواز نہیں بنتا کہ وہ بحیثیت وزیراعظم کشمیر کا دورہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کا یہ دورہ دراصل مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے اور اقوام عالم کو گمراہ کرنے کے لئے ہے۔ مولانا عباس انصاری نے کہا کہ بھارتی حکمران کے دورہ کشمیر سے کشمیری قوم کو بہکایا نہیں جا سکتا اور نہ ہی تحریک آزادی کو اس طرح کے فریب کے بل پر دبایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کشمیریوں کا ہے اور یہ مسئلہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر بھارتی حکمران دن رات کشمیر میں ہی اپنا ڈیرہ ڈالیں گے تب بھی مسئلہ کشمیر سے توجہ نہیں ہٹا سکتے۔ مولانا عباس انصاری نے کہا کہ بھارتی حکمران یہاں آ کے اپنا وقت ضائع کرتے ہیں، انہیں چاہیئے کہ اپنا وقت ضائع کئے بغیر سہ فریقی مذاکرات کے ذریعہ اس مسئلہ کا جلد از جلد حل نکالیں۔ دریں اثناء جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کے اہتمام سے آج نماز جمعہ کے فوراً بعد مسجد سجادیہ چھتہ بل سرینگر سے معصوم فلسطینیوں پر حالیہ اسرائیلی بربریت کے خلاف احتجاجی جلوس نکالا گیا، جس میں تنظیم سے وابستہ کارکنوں کے علاوہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرین نے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے اسرائیل اور شیطان بزرگ امریکہ کے خلاف جم کر نعرہ بازی کی۔ احتجاجیوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز بھی اٹھائے رکھے تھے، جن پر ’’القدس لنا، مرگ بر اسرائیل اور مرگ بر امریکہ‘‘ جیسے نعرے درج تھے۔ مظاہرین اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم سے مطالبہ کر رہے تھے کہ وہ اسرائیل اور بھارت کی بربریت کے خلاف عملی اقدامات اٹھائیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button