پاکستان

برطانوی فوجی سربراہ کا آرمی چیف کے ہمراہ بلوچستان کا دورہ

شیعیت نیوز: برطانوی فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سر نکولس پیٹرک کارٹر اپنے دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اپنے دورے کے پہلے روز جنرل نکولس پیٹرک کارٹر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی اور دوطرفہ معاملات اور خطے میں سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

برطانوی فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے مثبت کردار اور سرحدی کنٹرول کو موثر بنانے کے لیے پاک ۔ افغان پر باڑ لگانے کے اقدام کو سراہا۔

انہوں نے انتہا پسندی کی روک تھام کے لیے ’پیغام پاکستان فتویٰ‘ کی بھی تعریف کی۔

ملاقات میں آرمی چیف نے خطے میں امن اور استحکام میں مدد کے لیے جامع لائحہ عمل کے تحت اجتماعی کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

بعد ازاں جنرل نکولس نے آرمی چیف کے ہمراہ بلوچستان کے علاقے گردی جنگل کا دورہ کیا، جسے حال ہی میں جرائم پیشہ عناصر سے پاک کیا گیا ہے۔

بلوچستان کے دورے کے دوران دونوں جنرلز کو ’خوشحال بلوچستان‘ پروگرام میں معاونت کے لیے کیے سیکیورٹی آپریشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

دونوں جنرلز نے سرحدی علاقے برابچاہ کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں علاقے کے مخصوص ماحول اور بلوچستان میں پاک ۔ افغان بارڈر کو محفوظ بنانے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

برطانوی ہائی کمشنر، پاکستان میں دفاعی اتاشی اور پاکستان کے کمانڈر سدرن کمانڈ بھی دورے پر ہمراہ تھے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button