پاکستان

شیعہ علماء کونسل پاکستان کا کشمیری و فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی، ملک بھر میں احتجاج

شیعیت نیوز:شیعہ علماء کونسل پاکستان نے مقبوضہ وادی میں مظلوم کشمیریوں پر بے پناہ مظالم کے واقعات کے خلاف یوم جمعہ کو یوم احتجاج کے طور پر منایا، خطبات جمعہ میں مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا گیا، مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں، علامہ سید ساجد علی نقوی کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے، علامہ عارف واحدی سمیت مرکزی رہنماﺅں کی اجتماعات جمعہ میں شرکت، بھارتی مظالم کے خلاف شدید ردعمل کی ضرورت ہے، جنوبی ایشیاء کا پائیدار امن بھی مسئلہ کشمیر سے جڑا ہے، انتہائی تعجب ہے کہ پوری دنیا کشمیر کے بارے میں بھارتی اقدامات کی مذمت کر رہی ہے، مگر وہ مسلسل کشمیر اور ایل او سی پر بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنا رہا ہے، پاکستان کو موثر سفارتکاری کے ذریعے سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار ملک کے چہرے سے نقاب اتارنا چاہیے، مسلم ممالک کو بھی بھارت اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے اپنی پالیسیوں پر غور کرنا ہوگا۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پر ایس یو سی نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، گلگت بلتستان، کراچی، فیصل آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ، اٹک، چکوال سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں اور دیہی علاقوں میں خطبات جمعہ میں مظلوم کشمیری عوام اور فلسطینی عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا گیا، بھارتی اور اسرائیلی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ جمعہ کے اجتماعات میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی، علامہ فرحت عباس جوادی، علامہ قاسم جعفری، علامہ نصیر حسین موسوی سمیت دیگر مرکزی قائدین نے بھی شرکت کی، قائد ملت جعفریہ پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے، بعدازاں کشمیری و فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی و اسرائیلی مظالم کے خلاف قراردادیں منظور کی گئیں، اس موقع پر افغانستان میں مدرسہ پر ہونیوالی بمباری کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

علامہ عارف واحدی کا کہنا تھا کہ 1947ء سے اب تک مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سفاکیت جاری ہے، لیکن افسوس کہ کشمیری عوام کی مظلومیت عالمی اداروں کو نظر نہیں آتی، انسانی حقوق، اقوام متحدہ اور دیگر عالمی تنظیمیں کیوں خاموش ہیں، افسوس کہ کسی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی، انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کو مزید موثر انداز میں اٹھائے، کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے فلسطینی عوام کے پرامن احتجاج کے دوران اسرائیلی سفاکیت کی بھی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر عالمی طاقتیں دنیا میں پائیدار امن چاہتی ہیں تو جنوبی ایشیا کے سب سے بڑے تصفیہ مسئلہ کشمیر اور مشرق وسطٰی کے سلگتے مسئلے فلسطین کا حل نکالے اور مظلوم عوام کو ان کا حق ادا کرے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button