پاکستان

کوئٹہ،ایف سی چیک پوسٹ پرخودکش حملہ،6اہلکاروں سمیت 12زخمی

شیعیت نیوز: کوئٹہ کے علاقے بلیلی میں غزہ بند روڈ پر ایف سی چیک پوسٹ پرخودکش حملہ ‘ فائرنگ ‘6اہلکاروں سمیت 12افرادزخمی‘دو اہلکاروں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے‘سکیورٹی فورسزکی جوابی کارروائی میں 2دہشت گردہلاک ہوگئے‘ ادھر ڈیرہ بگٹی میں بھی لیویزچیک پوسٹ پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک اہلکارزخمی ہوگیا۔ ترجمان کےمطابق غزہ بند روڈ پر ایف سی اہلکار چیک پوسٹ پر ڈیوٹی انجام دے رہے تھے کہ ایک خود کش حملہ آور نالے سے نکل کرچیک پوسٹ کی جانب فائرنگ کرتے ہوئے آیا اورخود کو اڑا لیا جس کے نتیجے میں چھ اہلکاروں سمیت 12افرادزخمی ہوگئے ‘دھماکے کے ساتھ ہی فائرنگ شروع ہو گئی‘اطلاع ملنے پر ایف سی اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ ذرائع کے مطابق خود کش حملے کے کوئی شواہد نہیں ملے‘ دھماکا ٹائم ڈیواس تھا جس میں دس کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا ۔درایں اثناء ڈیرہ بگٹی میں سنگسیلہ لیویز چیک پوسٹ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک اہلکار زخمی ہو گیا، لیویز کے مطابق منگل کو چھ لیویز اہلکار سنگسیلہ چیک پوسٹ پر ڈیوٹی انجام دے رہے تھے کہ اسی دوران نامعلوم افراد نے قریبی پہاڑوں سے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار ککل بگٹی زخمی ہو گیا۔ لیویز اہلکاروں نے بروقت جوابی کارروائی کی جس پر حملہ آور فرار ہو گئے۔ درایں اثناء گورنر بلوچستان محمدخان اچکزئی نے بلیلی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کی بروقت کارکردگی کو سراہا ہے جن کی فوری جوابی کارروائی کے نتیجے میں دوحملہ آور موقع پرہلاک ہوگئے ۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ نواب ثناء اللہ خان زہری نے دھماکے میں فرنٹیرکور کے اہلکاروں کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا جبکہ سیکورٹی فورسز کی بروقت جوابی فائرنگ سے دو دہشت گردوں کی ہلاکت پر اطمینا ن کا اظہار کر تے ہوئے سیکورٹی اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ۔

متعلقہ مضامین

Back to top button