داعش کے پاکستانی جنگجو کی بیوہ اور 4 بیٹیاں ترکی سے ڈی پورٹ ہونےکےبعد گرفتار
شیعیت نیوز: شام میں حزب اللہ کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے داعش کے پاکستانی جنگجو عبدالستار کی بیوہ اور چار بیٹیوں کو ترکی سے ڈی پورٹ ہونے کے بعد سیالکوٹ ایئر پورٹ سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ’’جنگ‘‘ کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق کوٹلی رام داس سیالکوٹ کی ترکی میں غیر قانونی داخلہ پر ڈی پورٹ ہو کر براستہ شارجہ پاکستان آنے والی شہناز بیگم ایمرجنسی پاسپورٹ نمبر EP.ST230398 اپنی چار بیٹیوں حفصہ ایمرجنسی پاسپورٹ نمبر EP.ST230400، اسماء ایمرجنسی پاسپورٹ نمبر EP.ST230399، خنساء ایمرجنسی پاسپورٹ نمبر EP.ST230401 اور زوحہ ایمرجنسی پاسپورٹ نمبر EP.ST230402 کو ایف آئی اے حکام نے سیالکوٹ ایئر پورٹ پر گرفتار کرلیا۔ ایف آئی آر نمبر 0011078 کے مطابق ان تمام خواتین پر پیسے دے کر غیر قانونی طریقہ سے دوسرے ملک میں داخل ہونے کی دفعہ 17(1)EO1979 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
شہناز بیگم نے دوران تفتیش ایف آئی اے حکام کے روبرو انکشاف کیا کہ اس کا خاوند عبدالستار داعش کے ساتھ مل کر ملک شام میں لڑ رہا تھا جو وہاں مارا گیا۔ شہناز بیگم نے یہ بھی بتایا کہ اسے اس کے خاوند کا ایک دوست پاکستان سے بذریعہ ایران ترکی لے کر گیا اور آگے اس نے اپنے شوہر کے پاس بیٹیوں کے ہمراہ شام جانا تھا لیکن ترکی کے حکام نے اسے غیر قانونی طور پر داخلے کے جرم میں پکڑ کر ڈی پورٹ کر دیا۔ اس حوالے سے ’’جنگ‘‘ کے رابطہ کرنے پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ ریجن مفخر عدیل نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شہناز بیگم نے دوران تفتیش اپنے خاوند عبدالستار کے داعش کے جنگجو ہونے کا انکشاف کیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر سے تکفیری سوچ رکھنے والے دہشتگرد شام میں خلافت کے قیام کا خواب لے کر گئے تھے لیکں وہاں حزب اللہ گروہوں کے ہاتھوں انہیں بری طرح شکست اُٹھانا پڑی اور آج یہ شکست خوردہ اپنے اپنے ممالک واپس آرہے ہیں جو ملکی سالمیت کے لئے شدید خطرہ ہیں۔







