شیعہ جماعتوں کا ناصر شیرازی کی بازیابی تک ایوانِ وزیر اعلیٰ کے باہر دھرنے کاا علان
شیعت نیوز: معروف شیعہ وکیل رہنماء اور مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ناصر شیرازی کی عدم بازیابی کے خلاف شیعہ جماعتوں نے ایوان وزیر اعلیٰ لاہور کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ مبارک موسوی نے امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن،امامیہ آرگنائزیشن،مدارس جعفریہ و دیگر شیعہ تنظیموں کے رہنماوں کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید ناصر شیرازی کی جبری گمشدگی کو تقریبا ایک ماہ کا عرصہ گذر چکاہے، لاہور ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود ناصر شیرازی کی بازیابی نہیں ہوسکی ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے نااہل حکمران ہوش کے ناخن لیں۔ پنجاب حکومت اعلیٰ عدلیہ کو مسلسل گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہےاور مختلف ہیلے بہانوں سے عدالت کو ٹالاجارہا ہے۔ علامہ مبارک موسوی نے کہا کہ اب ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے ، اب ملت جعفریہ پاکستان اپنے اہم سپوت کی بازیابی کے لئے اتوار ۱۰ دسمبر سے ایوان وزیر اعلیٰ لاہور کے باہر دھرنا دے گی جو ناصر شیرازی کی بازیابی تک بلا کسی وقفہ کے جاری رہے گا ۔