یمن پرسعودی اتحادی فوج کے لڑاکا طیاروںکے حملے جاری، 16 شہید
سعودی اتحادی افواج کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے علاقے الحدیدہ پر بمباری کرکے 16 نہتے یمنیوں کو شہید کردیا ہے۔
شیعت نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ میں سعودی اتحادی افواج کے لڑاکا طیاروں نے گزشتہ رات الحدیدہ کے رہائشی علاقوں پر وحشیانہ بمباری کرکے 16 افراد کو شہید کردیا ہے۔
آل سعود کے جنگی جہازوں نے یمنی دارالحکومت صنعا میں وزارت دفاع کی عمارت پر بھی بمباری کی ہے جس کی وجہ سے عمارت کو سخت نقصان پہنچا ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سعودی لڑاکا طیارے کئی گھنٹوں تک صنعا کے آسمان پر پرواز کرتے رہے جس کی وجہ سے عوام میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا۔
المیسرہ ٹی وی کا کہنا ہے کہ سعودی طیاروں نے یمنی وزارت دفاع کی عمارت پر دو مرتبہ بمباری کی ہے تاہم کسی قسم کی جانی نقصان کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا ہے۔
المیسرہ کی رپورٹ کے مطابق سعودی اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے صوبہ الحدیدہ کے علاقے البوادی میں ایک رہائشی علاقے پر شدید بمباری کی جس کے نتیجے میں کم از کم 16 نہتے یمنی شہید ہوگئے۔
یمنی ذرائع کا کہنا ہے کہ لڑاکا طیاروں کے وحشیانہ حملوں میں 8 ماہی گیر شہید اور متعدد دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔
یاد رہے کہ آل سعود کی سرپرستی میں ہونے والے حملوں میں اب تک ہزاروں یمنی شہری خاک و خون میں غلطاں ہوچکے ہیں اور ہزاروں لوگ بے گھر ہوگئے ہیں۔
سعودی اتحاد کے حملوں کے جواب میں یمن کی سرکاری فوج نے متعدد بار میزائل سے سعودی فوج کے ٹھکانوں کو نشانہ بناکر آل سعود کی نیندیں اڑا دیں ہیں۔
یمنی سرکاری فوج نے حال ہی میں ریاض کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو میزائل سے نشانہ بنایا تھا۔
یمن کا 80 فیصد بنیادی ڈھانچہ بھی سعودی حملوں کی وجہ سے مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے۔