اقتدار کی خاطر مولویوں نے پھر رجوع کر لیا، متحدہ مجلس عمل کی بحالی کا فیصلہ ،

11 نومبر, 2017 10:37

شیعت نیوز:الیکشن سال شروع ہونے کے بعد سے مولوی حضرات اپنی آپسی رنجشیں ختم کرکے متحدہ مجلس عمل کی بحالی کے لئے متحرک ہو گئے تھے اور آخر کا راقتدار کی خاطر مولویوں نے پھر رجوع کر لیا اور ایک بار پھر متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم پر متحد ہو گئے ۔منصورہ میں مذہبی جماعتوں کے اہم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے متحدہ مجلس عمل کی بحالی کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کا باضابطہ اعلان آئندہ ماہ کراچی میں کیا جائے گا۔اس موقع پر جے یو آئی (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کی باقاعدہ بحالی پر اتفاق رائے ہوچکا ہے۔ پرانے منشور پر متحدہ مجلس عمل کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا مسلمانوں کے مسائل میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے اور ان مسائل کا واحد حل مسلمانوں کے اتحاد میں ہے۔ذرائع کے مطابق چھ مذہبی و سیاسی جماعتوں نے مل کر مذہبی و سیاسی جماعت متحدہ مجلس عمل کی دوبارہ بحالی کا اعلان کر دیا۔ یہ اعلان جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کی جانب سے پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا۔ متحدہ مجلس عمل کی بحالی کے اعلان میں سراج الحق کے ساتھ جمعیت علماء اسلام (ف) کے صدر مولانا فضل الرحمٰن اور اسلامی تحریک پاکستان کے جنرل سیکرٹری علامہ عارف حسین واحدی اور دیگر جماعتوں کے سربراہان بھی موجود تھے۔ فیصلے سناتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ دسمبر میں سربراہی اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ متحدہ مجلس عملی بحالی کا باضابطہ اعلان آئندہ ماہ کراچی میں مولانا شاہ احمد نورانی مرحوم کی رہائش گاہ پر کیا جائے گا۔ اتحاد کے خدوخال و دیگر معاملات طے کرنے کیلئے اسٹیرئنگ کمیٹی برقرار رہے گی، جبکہ دیگر دینی جماعتوں کو بھی اتحاد میں شامل کرنے کیلیے رابطے کئے جائیں گے۔

واضح رہے کہ 2002ء میں بنی متحدہ مجلس عمل نے خیبر پختونخوا میں 2002ء سے 2007ء تک حکومت کی، جس کے بعد جماعت کے اندر دراڑیں پیدا ہونے سے اس کی مقبولیت ختم ہوگئی تھی۔ بعد ازاں 2008ء اور 2013ء کے الیکشن میں متحدہ مجلس عمل کے امیدوار عوام کی حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل جمعیت علماء اسلام (ف) نے 2013ء کے انتخابات سے قبل اس کی بحالی کی کوشش کی تھی، لیکن جماعت اسلامی کے اس وقت کے امیر سید منور حسن نے انکار کر دیا تھا۔ یاد رہے کہ جمعیت علماء اسلام (ف) کے جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری کی جانب سے گذشتہ کچھ عرصے میں اراکین کو دوبارہ منانے کی کوشش کی گئی تھی، جس کے لئے انہوں نے کئی اجلاس منعقد کئے تھے، تاہم جماعت اسلامی کے رہنماؤں کو منا لیا گیا اور متحدہ مجلس عمل کے تحت اکٹھے ہو کر 2018ء کے انتخابات میں حصہ لینے کا بڑا اعلان کیا گیا۔

7:44 شام جون 25, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔