امت مسلمہ جسد واحد، پاکستان ثالثی کا کردار ادا کرے، علامہ سید ساجد علی نقوی

20 اکتوبر, 2026 06:38

شیعیت نیوز : قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور جنگی ماحول پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امت مسلمہ جسد واحد ہے اور خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ماننے والے آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ کشیدہ صورتحال کا خاتمہ اور امت مسلمہ کو مضبوط بنانا تمام مسلم ممالک اور ذمہ دار شخصیات کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور پاکستان کو ایک بار پھر باہمی تنازعات کے حل اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مؤثر ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں : حقوق کے تحفظ کے لیے پرامن جدوجہد ہماری بنیادی پالیسی ہے، گروہ بندی سے اجتناب کریں، علامہ سید ساجد علی نقوی

رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای اور شیخ الازہر ڈاکٹر احمد الطیب کے بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ ان رہنماؤں کی جانب سے امن، ثالثی اور مصالحت کے لیے پیش کی گئی تجاویز حوصلہ افزا ہیں اور خطے میں امن و استحکام، معاشی مشکلات کے خاتمے اور ترقی کے لیے مثبت اور سنجیدہ رہنمائی فراہم کرتی ہیں، تاہم انہیں عملی جامہ پہنانے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیں۔

انہوں نے رہبر معظم کی ہدایات کی روشنی میں ایران کی جانب سے بارہا ثالثی کی پیشکش کا خیرمقدم کیا اور شیخ الازہر کی جانب سے تنازعات کے حل کے لیے فوری ثالثی و مصالحتی کمیٹی کی تجویز کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کمیٹی میں ایسے مخلص، صاحبِ حکمت اور امن کے خواہاں افراد شامل ہونے چاہییں جو فریقین کے درمیان مصالحت کی راہ ہموار کر سکیں۔ انہوں نے قرآن حکیم کے پیغام "اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھو اور تفرقے میں نہ پڑو” کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امت کی فلاح اور مضبوطی کا راستہ باہمی احترام، بھائی چارے اور اتحاد بین المسلمین سے ہو کر گزرتا ہے۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ پاکستان ایک اہم اسلامی اور ایٹمی ریاست ہونے کے ناطے تنازعات کے خاتمے اور خطے میں پائیدار امن کے لیے مؤثر کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اور مختلف فریقوں کا پاکستان پر اعتماد اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ وہ سنجیدہ سفارتی کوششوں کے ذریعے کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی راہ ہموار کرنے میں ماضی کی طرح ایک بار پھر اسی جذبے کے ساتھ اپنا فریضہ انجام دے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے خبردار کیا کہ اس نازک مرحلے پر اشتعال انگیز اور منفی بیانات سے گریز کرتے ہوئے دشمن کی سازشوں سے ہوشیار رہنا ہوگا، تاکہ اختلافات کو ہوا دینے کے بجائے اتحاد، افہام و تفہیم اور سفارتی کوششوں کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کیا جا سکے۔

7:46 صبح اکتوبر 20, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔