علماء و مبلغین کی معاشی تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے، مجلس علماء مکتب اہلبیت
شیعیت نیوز : مجلس علماء مکتب اہلبیت پاکستان کے زیرِ اہتمام "معاشی تربیت اور خود انحصاری” کے موضوع پر ایک روزہ آن لائن تربیتی ورکشاپ منعقد کی گئی، جس میں ملک بھر سے کثیر تعداد میں علماء کرام، اساتذہ اور مبلغین نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں : سندھ کے ہر بچے اور بچی کو معیاری تعلیم کے یکساں مواقع دیے جائیں، علامہ مقصود علی ڈومکی
ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے حجت الاسلام اصغر عباس کاظمی نے مالی خواندگی کی تعریف، مقاصد اور اہمیت پر روشنی ڈالی اور قرآن کریم اور احادیثِ اہل بیت علیہم السلام کی روشنی میں معاشی تربیت اور اقتصادی امور کی اہمیت واضح کی۔ انہوں نے معاشی ذہنیت کی تشکیل، مؤثر معاشی منصوبہ بندی اور خود کفیل معیشت کے اصول بیان کیے اور پیسے اور دولت کے درمیان فرق واضح کرتے ہوئے شرکاء کو مالی معاملات میں درست سوچ اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل کی اہمیت سے آگاہ کیا۔
ورکشاپ میں آمدنی کی منصوبہ بندی، اخراجات کے مؤثر انتظام اور بچت جیسے عملی موضوعات پر بھی گفتگو ہوئی، تاکہ علماء کرام، مبلغین اور اساتذہ اپنی ذاتی و خاندانی زندگی میں معاشی نظم و ضبط کو فروغ دے کر خود انحصاری کی جانب مؤثر قدم اٹھا سکیں اور دینی و تبلیغی ذمہ داریوں کے ساتھ معاشی معاملات میں بھی دانشمندانہ طرزِ عمل اختیار کریں۔ شرکاء نے اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں علماء، مبلغین اور اساتذہ کی فکری، علمی اور معاشی تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے، اور مستقبل میں بھی ایسے پروگراموں کے انعقاد کا مطالبہ کیا۔
دریں اثنا مجلس علماء مکتب اہلبیت پاکستان سینٹرل پنجاب کا ایک اہم آن لائن تنظیمی اجلاس مرکزی صدر علامہ سید حسنین عباس گردیزی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں مختلف اضلاع کے صدور نے شرکت کی۔ اجلاس میں تنظیمی فعالیت کا جائزہ لیا گیا، دینی و تنظیمی امور کو مزید مؤثر بنانے کے لیے آئندہ کے لائحۂ عمل پر تبادلۂ خیال کیا گیا، اور فکرِ ولایت اور خدمتِ دین کے جذبے کے ساتھ اتحاد و اخلاص کے سفر کو مزید مضبوط بنانے کے لیے آراء پیش کی گئیں۔







