رانا کاظم کو فوری بازیاب کیا جائے، لاہور پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع لاہور کے فعال رکن رانا کاظم علی کی مبینہ جبری گمشدگی کے خلاف اور ان کی بازیابی کے مطالبے کے لیے ان کے اہلِ خانہ کی جانب سے لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : رانا کاظم کو فوری بازیاب کر کے اہلِ خانہ کو ان کی خیریت اور مقام سے آگاہ کیا جائے، علامہ سید احمد اقبال رضوی
احتجاج میں وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی، مرکزی سیکریٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی اور علامہ سید دانش نقوی سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی اور رانا کاظم کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر رانا کاظم علی کے ڈیڑھ سالہ ننھے بیٹے محمد مسلم سب کی توجہ کا مرکز بنے رہے، جنہوں نے ہاتھ میں پلے کارڈ اٹھا رکھا تھا جس پر درج تھا: "میرے بابا کہاں ہیں؟”
واضح رہے کہ اس سے قبل علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا تھا کہ رانا کاظم کو مبینہ طور پر نقاب پوش اہلکار رات کی تاریکی میں اپنے ساتھ لے گئے، اہلِ خانہ کے رابطوں اور قانونی طریقۂ کار اختیار کرنے کے باوجود تاحال ان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں، اور اگر ان پر کوئی الزام ہے تو انہیں آئین و قانون کے مطابق عدالت میں پیش کیا جائے۔
کسی بھی شہری کو قانونی تقاضے پورے کیے بغیر لاپتہ رکھنا آئین و قانون کے بنیادی اصولوں کے منافی ہے۔ ایک معصوم بچے کا اپنے والد کے بارے میں سوال ریاستی اداروں کے لیے لمحۂ فکریہ ہے کہ وہ اہلِ خانہ کو رانا کاظم کی خیریت سے آگاہ کریں اور انہیں قانون کے مطابق فوری طور پر منظر عام پر لائیں۔







