امریکی صدر ٹرمپ کی شمالی کوریا کوایک بار پھر دھمکی
امریکی صدر ٹرمپ نے ایشیا کے پانچ ملکوں کا دورہ شروع کرتے ہوئے ٹوکیو پہنچ کر شمالی کوریا کو ایک بار پھر دھمکی دی ہے۔
شیعت نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے، جنھوں نے ایشیا کے پانچ ملکوں منجملہ جاپان، جنوبی کوریا، چین، ویتنام اور فلپائن کا اپنا بارہ روزہ دورہ شروع کیا ہے۔
انھوں نے جاپانی وزیراعظم شینزو ایبے کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں شمالی کوریا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیونگ یانگ کے مقابلے میں واشنگٹن کے اسٹریٹیجک صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے اور اس کے خلاف ہر قسم کا آپشن میز پر موجود ہے۔
انھوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ شمالی کوریا کے مقابلے میں امریکہ، جاپان کے ساتھ کھڑا ہے، کہا کہ ٹوکیو کو چاہئے کہ واشنگٹن سے زیادہ سے زیادہ فوجی ہتھیار خریدے۔
اس موقع پر جاپانی وزیراعظم شینزو ایبے نے بھی شمالی کوریا کے خلاف مزید پابندیاں عائد کرنے اور دباؤ بڑھائے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انھوں نے کہا کہ جاپان، شمالی کوریا کے بارے میں امریکی صدر کی اس پالیسی کی حمایت کرتا ہے کہ ہر قسم کا آپشن میز پر موجود ہے۔
جاپانی وزیراعظم شینزوایبے نے کہا کہ ان کے ملک نے شمالی کوریا پر دباؤ بڑھانے کے لئے اس ملک کی پینتیس تنظیموں اور شخصیات کے اثاثے منجمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے ایسی حالت میں ٹوکیو کا دورہ کیا ہے کہ جاپان کے عوام نے جزیرہ نمائے کوریا سے متعلق امریکی پالیسیوں کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔
جاپانی مظاہرین نے امریکی صدر کے خلاف نعرے لگائے اور علاقے میں ان کی جنگ پسندانہ پالیسیوں کی شدید مذمت کی۔
ادھر جنوبی کوریا کے عوام نے بھی سیؤل میں امریکی سفارت خانے کے سامنے مظاہرہ کیا اور جزیرہ نمائے کوریا کے سلسلے میں امریکی پالیسیوں اور جارحانہ رویے کی مذمت کی۔
مظاہرین نے ایسی حالت میں کہ انھوں نے جنگ کے خلاف نعروں والے پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے، اعلان کیا کہ کوریا کےعوام جنگ نہیں چاہتے اور امریکہ اس بات کو سمجھے کہ جزیرہ نمائے کوریا کی بیشتر مشکلات کی وجہ امریکہ کی جنگ پسندانہ پالیسیاں ہی رہی ہیں۔
چنانچہ پیانگ یانگ کے خلاف امریکی دھمکی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شمالی کوریا نے بھی امریکی صدر ٹرمپ کو سخت خبردار کیا ہے اور تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ امریکہ اور علاقے میں اس کے اتحادیوں کو اس بات کو جان لینا چاہئے کہ شمالی کوریا اپنے دفاع میں ہر قسم کے ہتھیاروں کے استعمال کا حق رکھتا ہے۔