ایرانی صدر اور پوٹن کی ملاقات، ایران روس جامع معاہدے پر عمل تیز کرنے پر اتفاق
صدر پزشکیان: ایران و روس کا تعاون خطے میں استحکام اور ترقی کے نئے باب کھولے گا

شیعیت نیوز : ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے چین کے دورے کے دوران روس کے صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کی۔
ملاقات میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے ایران اور روس کے درمیان طویل مدتی جامع معاہدے کے نفاذ کا عمل تیز کرنے پر خصوصی تاکید کی۔
صدر پزشکیان نے اس موقع پر کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مسلسل رابطے اور تعاون بہت ضروری ہے۔ دونوں ملکوں کے جامع معاہدے کے عملی نفاذ سے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ یوریشیا اقتصادی اتحاد کے فریم ورک میں تعاون بھی دونوں ممالک کے تعلقات کی بہتری میں معاون ثابت ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی صدر کا بیجنگ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سائنسی اور تعلیمی تعاون دونوں ممالک کی صلاحیتوں کو بڑھانے اور تعلقات کو وسیع کرنے میں مددگار ہوگا۔
صدر پزشکیان نے اس ملاقات میں کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی یکطرفہ پالیسیاں نافذ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ شنگھائی تعاون تنظیم جیسے بین الاقوامی فورمز کثیر الجہتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔
اس موقع پر صدر پوٹن نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات دوستانہ اور مستحکم ہیں۔ جامع معاہدے کے نفاذ سے یہ تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ حالیہ مہینوں میں دو طرفہ تجارتی حجم میں قابل ذکر اضافہ ہوا ہے اور ایران اور یوریشیا اقتصادی اتحاد کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے پر عمل درآمد سے دونوں ممالک کے تعاون میں مزید اضافہ ہوگا۔