علامہ شبیر حسن میثمی کا امام حسن عسکری علیہ السلام کی شہادت پر تعزیتی پیغام
امامؑ کی عملی حکمت اور بصیرت سے موجودہ معاشرے میں اصلاح و فکری استقامت پیدا کرنے کی ضرورت

شیعیت نیوز : مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان، علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے شہادتِ امام حسن عسکری علیہ السلام کے موقع پر عالمِ اسلام کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ امام علیہ السلام کی ذات و صفات اور عظمت کے نہ صرف ہم قائل ہیں بلکہ دشمن بھی آپؑ کے کمالات و فضائل کو ماننے پر مجبور ہیں۔ آپ، امام علی نقی علیہ السلام کے فرزند، امام محمد مہدی عجل اللہ فرجہ الشریف کے والد گرامی اور ولایت کے گیارہویں درخشاں چراغ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام نے جہاں مادی غربت کے خاتمے کے لیے سنجیدہ عملی کوششیں کیں، وہیں ثقافتی اور فکری غربت کے خاتمے پر بھی خصوصی توجہ دی۔ آپؑ نے ایک مضبوط وکالت کے نیٹ ورک اور مدبرانہ انتظامی حکمت عملی کے ذریعے شیعہ برادری اور محروم طبقات تک ثقافتی و مذہبی امداد پہنچائی۔
یہ بھی پڑھیں : امام حسن عسکریؑ کے افکار سے آج بھی دنیائے عالم فیض یاب ہورہی ہے، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا کہ امامؑ کے نورانی دور حیات میں کئی انحرافی اور گمراہ کن گروہ معاشرے میں سرگرم تھے لیکن امام حسن عسکری علیہ السلام کی بصیرت اور مدبرانہ قیادت نے امت کو ان کے فتنوں سے محفوظ رکھا۔ بہت سے لوگ آپؑ کی رہنمائی کے نتیجے میں سعادت کے حقیقی راستے پر گامزن ہوئے اور انحراف سے بچ گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں چاہیے کہ امام حسن عسکری علیہ السلام کی مبارک زندگی اور آپؑ کی عملی حکمتِ عملی سے درس لیتے ہوئے موجودہ معاشرے میں اصلاح، بیداری اور فکری استقامت پیدا کریں۔ یہی امامؑ کی تعلیمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا حقیقی طریقہ ہے۔