مقبوضہ فلسطین

اسرائیل کا 10 ہزار گھروں پرمشتمل نئی کالونی تعمیر کرنے کا منصوبہ

اسرائیلی اخبارات نے انکشاف کیا ہے کہ تل ابیب حکومت مقبوضہ بیت المقدس کے شمالی علاقے قنلدیہ میں ایک نئی یہودی کالونی تعمیر کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ اس کالونی میں 10 ہزار مکانات تعمیر کیے جائیں گے۔
اسرائیلی میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں میں بتایا گیا ہے کہ نئی کالونی القدس کے صنعتی زون ’عطروت‘ میں تعمیر کی جائے گی۔
اسرائیلی نیوز ویب سائیٹ ’کان العامہ‘ کے مطابق وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے وزارت خزانہ اور ہاؤسنگ کو ہدایت کی ہے کہ وہ تیزی کے ساتھ نئی یہودی کالونی کے لیے فنڈز اور اس کی فزی بیلٹی رپورٹ تیار کریں تاکہ عطروت صنعتی زون کے قریب ایک نئی کالونی بسائی جاسکے۔
اسرائیلی وزیر برائے ہاؤسنگ یوآف گالانٹ کا کہنا ہے کہ عطروت صنعتی زون کے قریب یہودی کالونی میں 10 ہزار نئے مکانات تعمیر کئے جائیں گے۔ اس نئی یہودی بستی کے لیے فنڈز کا تخمینہ لگانے اور پلاننگ کا  کام جاری ہے۔
اسرائیل میں انسانی حقوق کی حمایت اوریہودی آباد کاری کے خلاف کام کرنے والے ادارے’اب امن‘ نے نئی کالونی کو اسرائیلی حکومت کا سیاسی اور تعمیراتی جنون قرار دیا ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ قلندیا میں نئی یہودی کالونی کا قیام ہزاروں فلسطینیوں کی وہاں سے بے دخلی کا موجب بن سکتا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button