امیرکویت سعودی بادشاہ کو منانے ریاض پہنچ گئے
امیر کویت «شیخ صباح الاحمد الصباح» آج بروز پیر علی الصبح محض چند گھنٹوں کے دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔
امیر کویت سعودی حکام کو قطر کے خلاف عائد کی جانے والی پابندیاں اٹھانے پر آمادہ کرنے کی کوشش کریں گے۔
سعودی ذرائع کا کہنا ہے کہ امیر کویت دوحہ-ریاض تعلقات کے فروغ پر سعودی حکام سے تبادلہ خیال کریں گے۔
واضح رہے کہ دو ہفتے بعد کویت میں خلیجی تعاون کونسل کا اجلاس منعقد ہونے والا ہے۔
خیال رہے کہ پہلے بھی قطر اور سعودی عرب کے معاملات خراب ہونے پر کویت نے ہی ثالثی کا کردار ادا کیا تھا اور دونوں کے درمیان صلح کروائی تھی جبکہ اس بار بھی کویت ہی دونوں ملکوں کے تعلقات کا خیرخواہ نظر آتا ہے، البتہ اس مرتبہ صورتحال کافی کشیدہ ہے اور پہلے سے مختلف ہے اور قطر پر دہشتگردی کا بھی الزام ہے۔
یاد رہے کہ بحرین، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور مصر نے قطر کیساتھ روابط منقطع کئے ہیں۔
ان ممالک کا قطر پر الزام ہے کہ یہ ملک دہشتگردی کی معاونت کررہا ہے۔
ان ممالک نے قطر پر زمینی، فضائی اور سمندری راستے بھی بند کردئے ہیں اور دوحہ کا محاصرہ کیا ہوا ہے۔