یمن

علاقے میں امریکہ اور صیہونی حکومت کی سازشیں ناکام ہوگئی ہیں : عبدالملک الحوثی

یمن کی تحریک انصار اللہ کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل علاقے کے ممالک کو کمزور کرنےاور ان پرتسلط پیدا کرنے کی کوشش میں تھے لیکن شام، عراق، لبنان اور یمن کی استقامت ، واشنگٹن اور صیہونی حکومت کے اس منصوبے کی ناکامی کا باعث بن گئی- تحریک انصاراللہ کے سربراہ نے یمن پر سعودی عرب کے جارحانہ حملوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئےکہا کہ ریاض، علاقے میں شکست کے باوجود بھی ہوش میں نہیں آیا ہے- عبدالملک الحوثی نے مزید کہا کہ سعودی عرب عراق، شام، لبنان اور یمن میں اپنی ناکامی کا انتقام لینا چاہتا ہے – یمن کی تحریک انصاراللہ کے سربراہ نے پابندیوں کے باوجود حالیہ برسوں میں اس ملک کی فوجی پیشرفت کو غیرمعمولی قرار دیا- انھوں نے کہا کہ یمن کے خلاف سعودی عرب کی جارحیتوں کو روکنے کے لئے ممکن ہے یمن کے میزائل اور ڈرون جلد ہی سعودی عرب کے فوجی مراکز اور اس کی آئیل فیلڈ کو بھی نشانہ بنائیں- عبدالملک الحوثی نے یمن پر حملے میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے سعودی عرب کی ہمہ گیر حمایت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے یمن میں احمقانہ رویہ اختیار کررکھا ہے- سعودی حکومت، امریکہ اور متحدہ عرب امارات کی حمایت اور اقوام متحدہ کی خاموشی کی آڑ میں مارچ دوہزار پندرہ سے یمن کے خلاف فوجی جارحیت کر رہی ہے اور اس ملک کا زمینی ، فضائی اور بحری محاصرہ کئے ہوئے ہے- اس فوجی جارحیت کے نتیجے میں اب تک بارہ ہزار سے زیادہ یمنی شہری جاں بحق اور لاکھوں افراد بے گھر اور در بدر ہوگئے ہیں جبکہ اس ملک کی بنیادی تنصیبات بھی پوری طرح تباہ ہوچکی ہیں-

متعلقہ مضامین

Back to top button