پاکستان

تمام ادارے محرم کے دوران باہمی تعاون کے ذریعے عوامی سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنائیں، چیئرمین بلدیہ وسطی کراچی

شیعیت نیوز: محرم الحرام کے حوالے سے مختلف اقدامات بالخصوص بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اور سیکورٹی کے حوالے سے گلبرگ زون میں نمائندہ اجلاس چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وائس چیئرمین سید شاکر علی، اراکین صوبائی اسمبلی جمال احمد، حاجی انور رضا، مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام، امام بارگاہوں کے ٹرسٹی، جلوس منتظمین، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر پاکستان رینجرز کے افسر اور علاقہ کی معروف سماجی شخصیات، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران و انجینئرز، ٹریفک پولیس، کے الیکٹرک، فائر بریگیڈ کے نمائندگان اور انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے کہا کہ کربلا دہشت گردی، ظلم و ستم کے خلاف صبر و رضا کے اسلحے سے لڑی جانے والی وہ جنگ ہے جس میں ظالم وقتی طور پر جیت گئے لیکن ابدی بدبختی اور شکست تاقیامت اُن کا مقدر بن گئی، امام حسین نے اسلام کی سر بلندی کیلئے جان کی بازی لگا دینے کی وہ سنت قائم کی جو مسلمانوں کے لئے تا قیامت مشعل راہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام میں امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کے حوالے سے عوامی سہولیات فراہم کرنے والے تمام ادارے محرم الحرام کے دوران باہمی تعاون کے زریعے عوامی سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوران محرم الحرام میں جلوسوں اور مجالس کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے ممکنہ دہشت گردوں پر کڑی نظر رکھی جائے، جبکہ مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف، جلوس کی گزرگاہوں پر صفائی ستھرائی اور روشنی کے بھی انتظامات کو مزید بہتر کیا جائے۔

اس موقع پر وائس چیئرمین سید شاکر علی نے محرم الحرام کے تقدس اور مجالس عزا اور ماتمی جلوسوں کے حوالے سے کئے جانے والے متعدد اقدامات بشمول صفائی و ستھرائی، اسٹریٹ لائٹس، سڑکوں کی کارپیٹنگ کے حوالے سے متعلقہ افسران کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی تاکہ عزاداران حسین کو کسی قسم کی تکلیف نہ پہنچے۔ اس موقع پر امن و امان قائم کرنے والے اداروں کے افسران نے یقین دلایا کہ عشرہ محرم کے دوران امن و امان قائم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائیگی۔ اس موقع پر ضلع وسطی کراچی میں قائم مسجد و امام بارگاہ کے ٹرسٹی اور جلوس کے منتظمین نے اپنے مسائل کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ ماضی میں انتظامیہ کی جانب سے محرم الحرام پر کئے جانے والے بہترین اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ اس سال بھی بلدیہ وسطی کی انتظامیہ محرم الحرام کے مذہبی ایام میں اپنا تعاون برقرار رکھے گی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button