پاکستان

دہشتگردوں کی مالی معاونت روکنے کیلئے صوبوں میں خصوصی یونٹ بنادئیے گئے

شیعیت نیوز: قومی اسمبلی کی داخلہ کمیٹی کو بتایا گیا ہے کہ دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کےلئے صوبوں میں خصوصی یونٹ قائم کردئیے گئے ہیں۔ دہشت گردوں کے 5023 سہولت کاروں کے اکائونٹس منجمد کر دئیے گئے ہیں، نیکٹا کے سربراہ احسان غنی نے داخلہ کمیٹی کو نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کردی۔ نادرا کے نمائندے نے کمیٹی کو بتایا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت 39لاکھ سے زیادہ موبائل فون سم بلاک کی گئیں۔
داخلہ کمیٹی نے ہدایت کی کہ کراچی نادرا میں مستقل بنیادوں پر ڈائریکٹر جنرل مقرر کیا جائے۔ وزارت داخلہ کے نمائندے نے نئی اسلحہ لائسنس اور ویزا پالیسیوں کے بارے میں بریف کیا۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی داخلہ کا اجلاس رانا شمیم احمد کی سربراہی میں ہوا۔ اجلاس میں نیکٹا کے سربراہ احسان غنی اور وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔ نیکٹا سربراہ احسان غنی کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت 98.3ملین موبائل سمیں بلاک کی گئی ہیں۔
نیکٹا رپورٹ کے مطابق بائیو میٹرک ویری فکیشن نظام قائم کر دیا گیا ہے جبکہ رواں سال نیکٹا کو 1528.727ملین بجٹ دیا گیا ہے۔ نیکٹا کے اب تک 31اجلاس ہو چکے ہیں۔رپورٹ کے مطابق فورتھ شیڈول پر کل 8333افراد رکھے گئے ہیں۔ملک بھر میں 5023 افراد کے اکاؤنٹس منجمد کیے گئے ہیں جبکہ 300ملین رقم منجمد کی گئی ہیں۔ مشتبہ افراد کے پاسپورٹس پر بھی پابندی عائد کی گئی ہیں۔نیکٹا سربراہ کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن بھی نیشنل ایکشن پلان کا حصہ ہے۔
کراچی آپریشن کے باعث ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں 97فیصد کمی آئی ہے۔ کراچی میں قتل میں 87فیصد اور دہشتگردی میں 98فیصد کمی آئی ہے۔شیر اکبر خان کی طرف سے انسداد بدعنوانی، شازیہ مری کی جانب سے اسلام آباد میں بچوں کی مشقت اور مسز کشور زہرہ کے مذہبی سکالرز پیش امام اور موذنین ویلفیئر بلز پر غور قائمہ کمیٹی کے اگلے اجلاس تک موخر کردیاگیا۔ میجر طاہر اقبال کے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور سیوریج واٹر مینجمنٹ بلوں پرمزید کارروائی ختم کردی گئی۔
داخلہ کمیٹی نے کراچی جیل کے قیدیوں کی شکایات کے جائزے کےلئے کنور نوید جمیل کی سربراہی میں سب کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سید افتخار الحسن، میاں شاہد حسین بھٹی، نواب یوسف تالپور، کنورنوید جمیل، نعیمہ کشور خان، شیر اکبر خان، شازیہ مری، کشور زہرہ، سلمان خان بلوچ اورسینئر افسروں نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button