عراقی پارلیمنٹ نے موصل کی آزادی کا جشن منایا
عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر سلیم الجبوری نے عراق کی مسلح افواج کی قدردانی کرتے ہوئے داعش کی شکست کے بعد متحدہ عراق کی ضرورت پر تاکید کی اور کہا کہ ہمیں ابھی سے داعش کے مقابلے میں کامیابی کے آئندہ مرحلے کے بارے میں سوچنا ہو گا-
عراق کی مسلح افواج کے ساتھ عراقی ممبران پارلیمنٹ کے اظہار یکجہتی کے جشن میں بعض ممبران نے ایسے پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے جن پر مسلح افواج اور رضاکار فورس الحشدالشعبی کی حمایت و قدردانی میں نعرے درج تھے-
عراقی ممبران پارلیمنٹ نے اعلان کیا کہ موصل کی کامیابی کے بعد شہر تلعفر کو آزاد کرانے کی کارروائیاں شروع ہوں گی- عراق کی مسلح افواج اس وقت قدیم موصل کے ان محلوں سے داعش کے عناصر کا صفایا کرنے کے لئے برسرپیکار ہے کہ جہاں ابھی داعشی عناصر موجود ہیں اور توقع ہے کہ بہت جلد پورا موصل آزاد ہو جائے گا-
عراق کے سیکورٹی اہلکاروں نے جمعرات کو مغربی موصل میں داعش کی نام نہاد اسلامی حکومت کے مرکز مسجد النوری کو آزاد کرا لیا۔
عراقی وزیر اعظم حیدرالعبادی کا کہنا ہے کہ اس کامیابی کا مطلب یہ ہے کہ عراق میں داعش کا کام تمام ہو گیا ہے-