پاکستان

کراچی: جیل حکام اور اسٹاف کالعدم تنظیموں کے کارندوں سے خوفزدہ رہتے ہیں،رپورٹ

شیعیت نیوز: کراچی سینٹرل جیل سے کالعدم تنظیم کے دوخطرناک دہشت گردوں کے فرارکے بعدتحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ‘ سی ٹی ڈی کی جانب سے جیل میں قیدکالعدم تنظیم کے اہم کارندوں کو بھی کیس میں شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیاگیاہےجبکہ جیل حکام اوراسٹاف کا ریمانڈلینے کیلئے عدالت سے درخواست کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی سینٹرل جیل سےکالعدم تنظیم کے دو دہشت گردوں کے فرار ہونے کے بعد سی ٹی ڈی نے تفتیش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے جیل میں قید مختلف کالعدم تنظیموں خصوصاً لشکر جھنگوی کے اہم کارندوں سے بھی تفتیش کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کے تفتیشی افسر نے عدالت سے جیل حکام کا ریمانڈ ہی نہیں لیا اور لکھ کر دے دیا کہ انھیں جیل کسٹڈی میں بھیج دیا جائے جس کی وجہ سے اب سی ٹی ڈی کو اس کیس میں مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ جب تک ملزمان ریمانڈ پر نہیں آتے ان سے تفتیش نہیں کی جا سکتی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جیل حکام اور اسٹاف کالعدم تنظیموں کے کارندوں سے اتنے خوفزدہ ہیں کہ وہ رات کو کھولیوں میں گنتی کے وقت اندر جانے سے بھی ڈرتے ہیں اور اسی بات کا ملزمان نے فائدہ اٹھایا ۔اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثناء اللہ عباسی اور دیگر افسران سر جوڑ کر بیٹھے ہیں اور ایک رائے یہ آئی کہ نئے سرے سے مقدمہ کیا جائے اور اس میں کالعدم تنظیموں کے کارندے جو جیل میں موجود ہیں انکے نام بھی شامل کئے جائیں لیکن قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک واقعہ کے اگر دو مقدمات ہوئے تو اسکا فائدہ ملزمان کو پہنچے گا ۔دوسری جانب سی ٹی ڈی حکام کی جانب سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ سے جیل حکام اور اسٹاف کا ریمانڈ لینے کیلئے استدعا کی جائے گی تاکہ ان سے تفتیش میں پتہ چل سکے کہ واقعہ میں کون ملوث ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button