پاکستان

سعودیہ/ قطر تنازع: وزیر اعظم نواز شریف بغیر ثالثی کیئے وطن واپس

شیعیت نیوز پاکستان کےذرائع ابلاغ میں جاری خبروں کے مطابق وزیراعظم نواز شریف دورہ سعودی عرب کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ ریاض میں وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نےتوقع ظاہر کی کہ موجودہ صورتحال کا حل مسلم امہ کے بہترین مفاد میں ہوگاجبکہ سعودی عرب نے بھی قومی سلامتی سمیت تمام معاملات میں پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔

دورہ سعودی عرب کے دوران اپنی ملاقاتوں میں وزیراعظم نوازشریف نے سعودی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستانیوں کے دلوں میں سعودی عرب کا خاص مقام ہے۔ خادمین حرمین شریفین کے باعث مسلم دنیا سعودی فرمانروا کی طرف دیکھتی ہے۔

وزیراعظم نے حرمین شریفین کے تحفظ، سعودی عرب کی خود مختاری کیلئے پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے بھرپورعزم کا اعادہ کیا۔

نواز شریف کے دورہ سعودی عرب پر سعودی فرمانروا نے شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان شروع دن سے ہی خاص نوعیت کے تعلقات ہیں۔

شاہ سلمان نے مزید کہاکہ دہشت گردی اورانتہا پسندی کےخلاف اتحاد مسلمانوں اور مسلم امہ کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کےخلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں کو سراہا جبکہ وزیراعظم نے کہاکہ توقع ہے کہ موجودہ صورتحال کا حل مسلم امہ کے بہترین مفادمیں نکلے گا۔

دوسری جانب مختلف ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کی ثالثی کا ٹھکردیا ہے، جبکہ اس ملاقات میں شاہ سلمان نے پاکستان کو سعودی عرب کی حمایت کرنے کا کہاہے۔

مختلف میڈیا پر جاری خبر کے متن سے بھی کہیں ظاہر نہیں ہوتا کہ پاکستان ثالثی کرکے آیا ہے البتہ خبر پڑھنے کے بعد اندازہ لگانا آسان ہے کہ ملاقات میں پاکستانی حکمرانوں نے سعودی موقف کی حمایت کردی ہے۔

تاہم پاکستانی عوام اپنے حکمرانوں کے برخلاف سعودی عرب کی اسلامی ممالک کے خلاف سازشوں کو بری طرح رد کردیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button