عراقی سرحدوں سے باہر جنگ کرنا نہیں چاہتے، عراقی وزیراعظم
رپورٹ کے مطابق عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے دینی شخصیات کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراقی فوج، ملک کی سرحدوں سے باہر جنگ نہیں کر رہی ہے اس لئے کہ عراقی آئین اس بات کی اجازت نہیں دیتا اور حکومت نہیں چاہتی کہ ملک کی سلامتی کے لئے کوئی مسئلہ پیدا ہو۔حیدرالعبادی نے کہا کہ عراقیوں نے متحد ہو کر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حصہ لیا اور اہم کامیابیاں حاصل کیں اور اب ان کا ملک آخری و حتمی کامیابی کے مرحلے میں ہے۔عراقی کے وزیر اعظم نے کہا کہ داعش کے خلاف جنگ کے لئے حکومت سے وابستہ عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی، جولائی سنہ دو ہزار چودہ میں عراق کے عظیم مرجع تقلید آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی کے حکم پر تشکیل پائی، کہ جس کے نتیجے میں عراق کو اہم کامیابیاں حاصل ہوئیں۔انھوں نے کہا کہ فوجی اعتبار سے عراق دہشت گردی کا قلع قمع کر چکا ہے تاہم اس کے سیکورٹی، فکری اور حقیقی عملی مسائل ابھی باقی ہیں – انہوں نے کہا کہ عراق، دہشت گردی کے خلاف مہم میں دوسروں کے ساتھ بھی تعاون کر رہا ہے۔