پاکستان

آپریشن رد الفساد اور انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن جاری،کئی بڑے دہشتگردی کے منصوبے ناکام

شیعیت نیوز: ملک بھر میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن رد الفساد اور انٹیلی جنس کی بنیادوں پر کارروائیاں جاری ہیں جس کے دوران دہشت گردی کے بڑے منصوبے ناکام بنا دیئے گئے ، پیر کو کرم ایجنسی میں فوجی قافلے پر دہشت گردوں کے حملے اور فورسز کی مؤثر جوابی کارروائی میں 7؍ دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ کیپٹن سمیت 2؍ سیکورٹی اہلکار زخمی ہوئے بعد ازاں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس سے متعدد ٹھکانے تباہ ہوگئے، دہشت گرد پہاڑی درے میں چھپ گئے ، واہ کینٹ میں کومبنگ آپریشن میں 2؍ دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ گھر سے خودکش جیکٹ برآمد ہوئیں ، اسلام آباد اور خیبرپختونخوا میں سرچ آ پریشنز کے دوران 66؍ مشتبہ افراد گرفتار کر لئے گئے۔

ادھر پیر کو رات گئے جنوبی وزیرستان میں سرحد پار سے پاک فوج کی 2؍ چوکیوں پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تاہم فوج کی بھرپور جوابی کارروائی میں 3؍ دہشت گرد ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق سینٹرل کرم ایجنسی کے علاقے خوائیداد خیل میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے مابین فائرنگ کے تبادلہ میں کیپٹن سمیت 2؍ افراد زخمی ہوگئے جبکہ فورسز کی جوابی کارروائی میں کم از کم 7؍ دہشت گرد ہلاک اور ان کے متعدد ٹھکانے تباہ ہو گئے ہیں ۔ پیر کی صبح ساڑھے چھ بجے دہشت گردوں نے فوجی قافلے پر گھات لگاکر اس وقت حملہ کیا جب قافلہ کرم ایجنسی کے وسطی علاقے یختہ میں گشت پر مامور تھا۔بعض ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے پر چھاپہ مارا جس کے نتیجے میں دہشت گردوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین فائرنگ کا تباد لہ ہوا جس میں کیپٹن غفار اور نائیک خیذار ز خمی ہوگئے ۔زخمی اہلکاروں کو سی ایم ایچ ٹل منتقل کر دیا گیا ، بعد ازاں فورسز نے گن شپ ہیلی کاپٹروں سے دہشت گردوں کیخلاف آپریشن شروع کر دیا اور گن شپ ہیلی کاپٹروں سے خوائیداد خیل کے دیہاتوں زاوا اور اورمیگی میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر شیلنگ کرتے ہوئے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کر دیا دہشت گرد ٹھکانے چھوڑکر پہاڑی درے میں چھپ گئے ہیں جن کی تلاش جاری ہے ۔

آخری اطلاعات تک علاقے میں فورسز کی کارروائیاں جاری اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ دریں اثناء آپریشن ردالفساد کے سلسلے میں واہ کینٹ میں پولیس اور رینجرز کا مشترکہ سرچ آپریشن جاری تھا کہ اس دوران ایک گھر سے پولیس پر فائرنگ کی گئی، پولیس اور رینجرز کی جوابی فائرنگ سے 2؍ مبینہ دہشت گرد صفت اللہ اور عباس ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق تلاشی کے دوران گھر سے خود کش جیکٹ بھی برآمد کی گئی ہے۔ بعد ازاں پولیس اور رینجرز نے گھر کو گھیرے میں لے کر بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیموں کو موقع پر طلب کر لیا اور گھر کی تلاشی لی گئی اور گھر سے بھاری مقدار میں اسلحہ سمیت خود کش جیکٹس برآمد ہوئیں۔ ادھر پیر کو رات گئے آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جنوبی وزیرستان ایجنسی میں سرحد پار سے پاک فوج کی 2؍ پوسٹوں پردہشتگردوں نے حملہ کیا ہے تاہم جوابی کارروائی میں 3دہشت گردہلاک ہوگئے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button