ملت جعفریہ آئینی حقوق سے پیچھے نہیں ہٹے گی ، شیعہ علما کونسل
شیعیت نیوز: شیعہ علما کونسل پنجاب نے حکومت کی طرف سے سکیورٹی کے نام پر مجالس عزا میں رکاوٹوں کو مسترد کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ ملت جعفریہ اپنے آئینی، شہری اور جمہوری حقوق سے ایک انچ پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔چاہے اس کے لئے جتنی قربانیاں ہی کیوں نہ دینی پڑیں۔اس حوالے سے مزید لائحہ عمل صوبائی جعفریہ کونسل کے اجلاس میں کیا جائے گا۔صوبائی صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری کی زیر صدارت جامعہ زینبیہ میں منعقد ہونے والے اجلاس میں مولانا مشتاق حسین ہمدانی،مولا نا موسیٰ رضا جسکانی، مولانااشتیاق کاظمی، بابر زمان، سکندر نقوی ،ایم ایچ نقوی، اظہار بخاری،محمد رضا شاہ ، مولانا غلام قاسم جعفری،مولانا نزاکت نقوی، جعفرنقوی اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔ اجلاس میں13 ۔مئی کو شروع ہونے والے صوبائی جعفریہ کونسل کے دورروزہ اجلاس کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور مولانا مشتاق ہمدانی کی سربراہی میں دو انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ کونسل کے اجلاس کو تنظیمی، تربیتی اور ملی پروگرام بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ علامہ سبطین سبزواری نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ صوبائی کونسل کے اجلاس کے دونوں دن قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی خطاب کریں گے جبکہ شیعہ علما کونسل کے سابق صوبائی صدور کو بھی اجلاس میں دعوت دی جائے گی۔اجلاس میں کارکردگی رپورٹس پیش ہوں گی اور تمام عہدیداروں کا احتساب بھی کیا جائے گا۔