پاکستان

مولوی عبدالعزیز نے جماعت الاحرار کے آپریشن ٖغازی سے لاتعلقی کا اعلان کردیا

شیعیت نیوز: شہداء فاؤنڈیشن آف پاکستان(لال مسجد)نے جماعت الاحرار کو اسلام اور ملک دشمن تنظیم قرار دیتے ہوئے جماعت الاحرار کی جانب سے آپریشن غازی شروع کرنے کے اعلان کی شدید مذمت کی ہے،ایک بیان میں ترجمان شہداء فاؤنڈیشن نے کہا ہے کہ جماعت الاحرار کا اسلام اور پاکستان سے کوئی تعلق نہیں،وہ بھارتی ایجنسی را کے ایماء پر پاکستان میں دہشت گردی کرکے نہ صرف ملک کو عدم استحکام کا شکار کررہی ہے بلکہ اسلام بالخصوص جہاد کو بھی بدنام کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مرکزی ترجمان شہداء فاؤنڈیشن آف پاکستان(لال مسجد)حافظ احتشام احمد کی طرف سے جاری کئے گئے بیان میں جماعت الاحرار کی جانب سے لال مسجد کے نائب خطیب علامہ عبدالرشید غازی شہید سے منسوب ’’آپریشن غازی‘‘ شروع کرنے کے اعلان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ’’ جماعت الاحرار اسلام اور ملک دشمن تنظیم ہے،اس کا اسلام اور پاکستان سے کوئی تعلق نہیں، جماعت الاحرار کی سرپرستی بھارتی ایجنسی ’’را‘‘کررہی ہے،’’را‘‘کے ایماء پر جماعت الاحرار پاکستان میں جہاد کے نام پر دہشتگردی کرکے نہ صرف پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کررہی ہے بلکہ اسلام بالخصوص جہاد کو بدنام کرنے کی بھی کوشش کررہی ہے،علامہ عبدالرشید غازی نے اپنی زندگی اسلام کی بالادستی کے لئے قربان کی اور وہ آخری سانس تک ظلم و زیادتی کے خلاف تھے،جماعت الاحرار نے آج تک وطن عزیز پاکستان میں صرف اور صرف درندگی و وحشت کی بدترین داستان رقم کرتے ہوئے جہاد کے نام پر بے گناہوں کا قتل عام کیا ہے،جماوت الاحرار بالخصوص احسان اللہ احسان اور محمد خالد خراسانی کا تعلق کبھی بھی لال مسجد یا اس سے منسلک کسی بھی ادارے کے ساتھ نہیں رہا،اسلام اور پاکستان سے لاتعلق شرپسندوں کا تعلق کبھی بھی لال مسجد یا اس سے منسلک کسی بھی ادارے کے ساتھ نہیں ہوسکتا، جماعت الاحرار نے بے گناہوں کے خلاف کاروائیوں کو علامہ عبدالرشید غازی سے منسوب کرکے علامہ عبدالرشید غازی کے مقدس مشن کی نہ صرف توہین کی ہے بلکہ اس شرمناک اقدام سے لال مسجد سے عقیدت رکھنے والے کروڑوں مسلمانوں کی شدید دل آزاری بھی ہوئی ہے.

متعلقہ مضامین

Back to top button