پاکستان

کراچی: سپر ہائی وے پر پولیس مقابلہ میں القائدہ برصغیر کے ۶ دہشتگرد ہلاک

شیعیت نیوز: سپر ہائی وے کے قریب پولیس اور ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلے میں6دہشت گرد ہلاک ہو گئے،ہلاک ہونے والے ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔تفصیلات کے مطابق گڈاپ سٹی تھانے کی حدود سپر ہائی وے بقائی یونیورسٹی کے قریب واقع پولٹری فارم سے متصل کمرے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر جمعرات کی سہ پہر پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔ ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے مطابق پولیس اہلکاروں کے ساتھ دہشت گردوں کے ٹھکانے کی طرف پیشقدمی شروع کی گئی تو دہشت گردوں نے مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کردی اور دستی بموں سے حملہ کیا۔راؤانوار کا دعویٰ ہے کہ دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ایک گھنٹے تک جاری رہا ۔انہوں نے بتایا کہ پولیس کی فائرنگ سے چار دہشت گرد ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے ، پولیس زخمی دہشت گردوں کو گرفتار کرکے قریبی اسپتال پہنچا رہی تھی کہ خون زیادہ بہہ جانے کی وجہ سے دونوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ایس ایس پی ملیر کے مطابق ہمیں اطلاع ملی تھی کہ مذکورہ مقام پر کالعدم تنظیم کے دہشت گرد موجود ہیں اور وہ شہر میں کسی بڑی تخریب کاری کی منصوبہ بندی کررہے ہیں،انہوں نے مزید بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق القاعدہ برصغیر سے تھا ، انہوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں نے ابراہیم حیدری ، کورنگی اور زمان کے مختلف علاقوں میں پولیس اہلکاروں پر دستی بموں سے حملے اور فائرنگ کرکے 25 سے زائد پولیس اہلکاروں کو شہید کیا تھا ۔

ایس ایچ او تھانہ گڈاپ سٹی خان نواز کے مطابق ہلاک ہونے والے دو دہشت گردوں کی شناخت نعیم اور نواز اختر کے نام سے ہوئی ہے جبکہ دیگر چار دہشت گردوں کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے سیون ایم ایم ،جی تھری ،رپیٹر ،تیس بور پستول اور ماؤذر بھی برآمد کیا گیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button