ٹرمپ کا فرمان ، داعش کے مفاد میں ہے: حیدرالعبادی
عراقی وزیر اعظم حیدرالعبادی نے بغداد میں ایک پریس کانفرنس میں امریکہ میں پناہ گزینوں کے داخلے پر پابندی کے بارے میں ٹرمپ کے فرمان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سات اسلامی ممالک کے شہریوں پر امریکہ میں پابندی ان لوگوں کو سزا دینے کے مترادف ہے جو داعش دہشت گردوں سے برسرپیکار ہیں- حیدرالعبادی نے کہا کہ ٹرمپ کے فرمان سے انھیں مشکوک کیا گیا ہے جو دہشت گردی کی بھینٹ چڑھے ہیں- امریکہ کے صدر نے جمعے کو ایک فرمان پر دستخط کئے ہیں جس کے مطابق ایران ، عراق ، لیبیا ، سومالیہ ، سوڈان ، شام اور یمن کے شہریوں پر نوے دنوں تک امریکہ میں داخل ہونے پر پابندی ہے – عراق کی پارلیمنٹ اور اس ملک کے وزیر خارجہ نے بھی ڈونالڈ ٹرمپ کے فیصلے کی مذمت کی اور امریکہ سے اس پرنظرثانی کی اپیل کی ہے – عراقی پارلیمنٹ نے حکومت سے کہا ہے کہ اگر واشنگٹن اپنے فیصلے پر نظرثانی نہیں کرتا تو امریکہ کے ساتھ بھی ویسا ہی کیا جائے اور امریکی فوجیوں کو عراق سے باہر نکال دیا جائے- عراق میں امریکہ کے چار ہزار آٹھ سو سے زیادہ فوجی تعینات ہیں