مقبوضہ فلسطین

اسرائیل کے ساتھ تعاون پر فلسطینی انتظامیہ کو حماس کا انتباہ

فلسطینی ذرائع کے مطابق فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان فوزی برہوم نے ایک بیان میں فلسطینی انتظامیہ کے سیکورٹی اہلکاروں کی جانب سے حماس اور جہاد اسلامی کے خلاف جاری حملوں کو فلسطین کی تحریک مزاحمت کی سرکوبی اور فلسطینیوں کے اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کوشش سے تعبیر کیا ہے۔

تحریک حماس کے ترجمان نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ فلسطینی انتظامیہ کے سیکورٹی اہلکاروں کی جانب سے یہ حملے، صیہونی حکومت کے ساتھ مکمل ہم آہنگی اور اس غاصب حکومت کے ساتھ تعاون کی غرض سے کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے فلسطینی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ غیر انسانی رویہ ترک اور گرفتار کئے جانے والے سرگرم عمل سیاسی کارکنوں کو فوری طور پر رہا کرے اور اسرائیل کے ساتھ کسی بھی قسم کا تعاون کرنے سے باز آجائے۔

فوزی برہوم نے تمام فلسطینی گروہوں سے اپیل کی کہ وہ صیہونی حکومت کے مفاد میں عمل میں لائے جانے والے تمام اقدامات کو بے نقاب کریں۔

واضح رہے کہ تحریک حماس اور جہاد اسلامی جیسے فلسطینی گروہوں کے رہنماؤں نے فلسطینیوں کی گرفتاری کے لئے اسرائیل اور فلسطینی انتظامیہ کے درمیان جاری تعاون پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کے تعاون کا مقصد انتفاضۂ قدس کو سرکوب کرنا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button