عراق

موصل پر داعش کے قبضے کے بعد، عراقی فوج پہلی بار شہر میں داخل

عراقی فوج نے مشرقی موصل میں اپنی پیشقدمی جاری رکھتے ہوئے  داعش دہشتگرد گروہ کو سخت نقصان پہنچایا ہے اور بے مثال آپریشن کرکے ایک آبراہ کے راستے شہر میں داخل ہوئی ہے۔

عراقی افواج کے کمانڈروں نے جمعہ کو ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراقی فورسز نے جاری کارروائیوں میں مشرقی موصل میں واقع « وحده» علاقے کو مکمل طور پر داعش کے قبضے سے آزاد کرایا ہے اور اس وقت فوج «گراج شمال» علاقے کی جانب پیشقدمی کر رہی ہے۔

عراقی کمانڈروں کا کہنا ہے کہ وحدہ علاقے کا مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے بعد عراقی افواج نے پہلے سے طے شدہ منصوبے کے تحت، دریائے دجلہ تک رسائی حاصل کرلی ہے۔ دریائے دجلہ شہر کے مغربی اور مشرقی حصے کو پانچ پلوں کے ذریعے ایک دوسرے سے مربوط کرتا ہے۔

موصل آپریشنل کمان کے سربراہ نجم الجبوری نے ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے دریائے دجلہ تک عراقی فوج کی رسائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرقی موصل کوعنقریب آزاد کرایا جائے گا اور اس کے بعد فوج شہر کے مغربی حصے کی جانب پیشقدمی کرے گی۔

موصل جسے عراق میں داعش دہشت گردوں کا نام نہاد دارالحکومت کہا جاتا ہے، عراقی فوج کے نشانے پر ہے اور سترہ اکتوبر سے موصل کو آزاد کرانے کے لئے داعش کے خلاف عراقی فوج اور رضاکارفورس کا آپریشن جاری ہے- موصل آپریشن میں عراقی فوج کو غیر معمولی کامیابیاں مل رہی ہیں-

متعلقہ مضامین

Back to top button